اسمارٹ فون ظہور دجال کی علامت ہو سکتے ہیں، روسی چرچ سربراہ
روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسمارٹ فون جیسی ڈیٹا جمع کرنے والی ڈیوائسز انسانیت کو دجال کے ظہور کے قریب لا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان سے دنیا کے انسانوں کو کنٹرول کرنا بہت آسان ہورہا ہے۔
روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریآرک کریل کا ایک انٹرویو پیر کے روز نشر کیا گیا ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ چرچ تکنیکی ترقی کے ہرگز خلاف نہیں ہے لیکن اس کے حوالے سے کئی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
ڈیٹا جمع کرنے والی ڈیوائسز اور اسمارٹ فون کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب فوری طور پر یہ پتا چلایا جا سکتا ہے کہ آپ کس وقت کہاں موجود تھے، ’’یہ پتا چلایا جا سکتا ہے کہ آپ کس چیز میں دلچسپی رکھتے ہیں، کس چیز کو پسند کرتے ہیں اور یہ بھی کہ آپ کس سے خوفزدہ رہتے ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی معلومات دنیا کے سینٹرل کنٹرول کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسیحی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو اس طرح ایک مرکزی مقام سے دنیا کو کنٹرول کرنا ظہور دجال کی نشانی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’دجال وہ ہوگا، جو ورلڈ وائڈ ویب کا سربراہ ہوگا، جو پوری انسانیت کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔