دنیا کے مختلف ملکوں میں کل عید الاضحیٰ منائی گئی
خلیجی ممالک، مشرق وسطی، یورپ، امریکا، کینیڈا، جاپان، افغانستان کے علاوہ دنیا کے متعدد ملکوں میں کلا منگل کے روز عید الاضحیٰ کا تہوار منایا گیا۔
کورونا وائرس کی وبا کے مدنظر اس برس بھی عید الاضحیٰ کا تہوارکووڈ پروٹوکول کا خیال رکھتے ہوئے منایا جارہا ہے۔ اس کی وجہ سے روایتی جوش و خروش کم ہے۔ مسلم ملکوں میں بھی عید کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
برطانیہ اور کینیڈا کے وزرائے اعظم نے اپنے اپنے ملکوں میں مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد دی ۔
اطلاعات کے مطابق جاپان میں اولمپک گاوں میں پاکستانی اور دیگر ملکوں کے مسلمان کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی۔
پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور کئی دیگر ملکوں میں عیدالاضحی بدھ 21 جولائی کویعنی آج منائی جائے گی۔
انڈونیشیا میں محدود پیمانے پر عید
دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیامیں نماز عید محدود پیمانے پر ادا کی گئی۔ یہ ملک گزشتہ کچھ عرصے سے کورونا وائرس کی بدترین لہر کی زد میں ہے۔
انڈونیشیا کے حکام نے بڑے اجتماعات پرپابندی عائد کردی تھی۔ مسلمانوں کو مقامی مساجد میں نمازادا کرنے کی اجازت تھی لیکن جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد جکارتہ کی استقلال مسجد میں عید کی نماز ادا نہیں کی گئی۔
مذہبی رہنماوں نے لوگوں سے اپنے گھروں میں ہی عبادت کرنے اور بچوں کو اپنے دوستوں کے گھروں میں نہ جانے کی اپیل کی تھی۔ملائیشیا میں بھی کورونا کی وجہ سے عیدالاضحی محدود پیمانے پر منائی جارہی ہے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین نے اپنے ایک پیغام میں لوگوں سے اپنے گھروں میں رہ کر اور اعتدال کے ساتھ منانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا،”دوسری کی جان بچانے کے لیے اپنی خواہشات کو قربان کردینا بھی اللہ کی نگاہ میں جہاد ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔