پاکستان میں وین میں لگا گیس سلنڈر پھٹنے سے سات افراد ہلاک

پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک مسافر وین میں لگا گیس سلنڈر لیک ہونے کے بعد پھٹنے سے سات افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں دو بچیوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں وین میں لگا گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے چار ارکان سمیت سات افراد ہلاک
پاکستان میں وین میں لگا گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے چار ارکان سمیت سات افراد ہلاک
user

Dw

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سے ہفتہ آٹھ جولائی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق پولیس اہلکار نبیل بھٹی نے بتایا کہ یہ سانحہ سرگودھا شہر میں اس وقت پیش آیا، جب ایک مسافر وین میں متعدد افراد سفر کر رہے تھے۔

پٹرول کے بجائے گیس سے چلنے والی اس وین میں نصب گیس کے سلنڈر سے گیس خارج ہو رہی تھی، جسے کچھ ہی دیر بعد آگ لگ گئی اور یہ سلنڈر ایک خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں اس وین کو آگ بھی لگ گئی۔


اس دھماکے کے باعث اس وین میں سوار سات افراد ہلاک اور آٹھ دیگر مسافر جل کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں کم از کم چار ایک ہی خاندان کے ارکان تھے۔ پولیس کے مطابق ان چار افراد میں ایک خاتون، اس کی ایک شادی شدہ بیٹی اور دو کم سن نواسیاں شامل ہیں۔

سرگودھا شہر میں حکام نے بتایا کہ مرنے والے سات افراد میں سے پانچ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ باقی دو شدید زخمی تھے، جو ایک قریبی ہسپتال پہنچائے جانے کے بعد وہاں دم توڑ گئے۔ ہلاک شدگان میں سے تین کی لاشیں اتنی بری طرح جل گئی تھیں کہ ان کی شناخت بھی ممکن نہیں رہی تھی۔


پاکستان میں ماضی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں اور اسکولوں کی وینز میں نصب گیس سلنڈروں کے پھٹنے کے اتنے زیادہ واقعات سامنے آ چکے ہیں کہ حکومت کو ایسی نجی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں گیس سلنڈر استعمال کرنے پر پابندی لگانا پڑ گئی تھی۔ تاہم پاکستان میں اس عمومی پابندی کی خلاف ورزی کے واقعات بھی عام ہیں۔

پاکستان کے وفاقی دفتر شماریات کے مطابق ملک بھر کی سڑکوں پر ہر سال تقریباﹰ نو ہزار ایسے حادثات پیش آتے ہیں، جن کی پولیس کو باقاعدہ اطلاع بھی دی جاتی ہے۔ ان حادثات میں سالانہ چار ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔