کرسٹیانو رونالڈو ریپ کے الزام سے برہم 

رونالڈو کے وکلا نے کہا ہے کہ ’جھوٹے الزامات‘ عائد کرنے پر جرمن جریدےکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جریدے نے امریکی خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رونالڈو نے 2009 میں اسے ریپ کیا تھا۔

رونالڈو پر ریپ کا الزام، ’ڈیئر اشپیگل کے خلاف کارروائی‘
رونالڈو پر ریپ کا الزام، ’ڈیئر اشپیگل کے خلاف کارروائی‘
user

ڈی. ڈبلیو

خبر رساں ادارے روئٹرز نے پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے وکلاء کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مایہ ناز فٹ بالر رونالڈو کے وکیل کرسچن شُرٹس کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان کے مطابق اس جریدے نے امریکی خاتون کے جھوٹے الزامات کو شائع کیا ہے۔ انہوں نے ان الزامات کی اشاعت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے موکل کی نجی زندگی پر شک کیا گیا ہے، جو درست نہیں ہے اور اس سلسلے میں جرمن میگزین سے قانونی ازالہ لیا جائے گا۔

کرسٹیانو رونالڈ عالمی سطح پر ایک معروف فٹ بالر ہیں، جو پرتگال کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو خیر باد کہتے ہوئے اطالوی کلب یوونٹس جوائن کیا ہے۔ رونالڈو کے نئے کلب نے ڈیئر اشپیگل کی اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اس جریدے نے لکھا ہے کہ متاثرہ خاتون کیتھرین مایورگا کی وکیل لیزلے مارک سٹوَل کے مطابق ریپ کا یہ مبینہ واقعہ جون سن دو ہزار نو کو لاس ویگاس میں ہوا تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ عدالت سے باہر ہی رونالڈو اور کیتھرین کے مابین ایک ڈیل ہوئی، جس کے تحت رونالڈو نے کیتھرین کو تین لاکھ پچھتر ہزار ڈالر دیے۔ اس ڈیل کے تحت کیتھرین نے اپنا منہ بند رکھنے کا عہد کیا تھا۔

اب اس واقعے کے نو سال بعد کیتھرین نے ڈیر اشپیگل سے گفتگو میں کہا کہ وہ مزید اس ڈیل کے تحت خاموش رہنے کی مجاز نہیں ہے کیونکہ اس رات کا کرب اب اس کی زندگی کو زیادہ پریشان کرنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رات کا سوچ کر انہیں سنگین دورے پڑتے ہیں، ’’میں اس صورتحال کی وجہ ریپ کو سمجھتی ہوں۔ میں اس (رونالڈو) کو ملزم قرار دیتی ہوں، میں خود پر الزام دھرتی ہوں کہ اس رات میں گانے کیوں گا رہی تھی۔‘‘

رونالڈو کے وکیل کرسچن شُرٹس کے بقول جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل اس اسٹوری کی اشاعت سے ان کے موکل کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی کا مرتکب ہوا ہے اور اس لیے قانونی کارروائی کی جائے گی اور ہرجانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ادھر جرمن میگزئن کے ڈپٹی ایڈیٹر انچیف الفریڈ وائنسیرل نے روئٹرز سے گفتگو میں کہا ہے کہ اس اسٹوری کی اشاعت سے قبل اس الزام کے بارے میں رونالڈو اور ان کی مینجمنٹ سے معلومات حاصل کرنے کی خاطر متعدد مرتبہ رابطہ کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔