محققین نے تقریباً 700 برس بعد 'سیاہ موت' وبا کے اسباب کا پتہ لگا لیا
محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے کہ تقریبا ً 700 برس قبل 'سیاہ موت' وبا کی شروعات کہاں سے ہوئی تھی۔ تاریخ کی اس ہلاکت خیز وبا کے سبب کروڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
چودہویں صدی کے وسط میں بیوبونک طاعون نامی وبا نے کئی براعظموں کو اپنی زد میں لے لیا تھا۔ اس وبا سے یورپ، ایشیا اور شمالی افریقہ میں کروڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حالانکہ یہ خیال کیا جاتا تھا کہ یہ وبا تجارتی شاہراہوں کے ذریعہ ایک براعظم سے دوسرے براعظم میں پھیلی ہوگی۔ اس وبا کے شروع ہونے کے اسباب کا پتہ لگانے کی کافی کوششیں کی گئیں تاہم ٹھوس ثبوتوں کے فقدان میں یہ سوال اب تک حل طلب تھا۔
جرمنی کے میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ میں بشریات کے پروفیسر جوہانس کراوس نے نئی تحقیقات کے حوالے سے بتایا،"ہم نے بنیادی طور پر مقام اور وقت کا پتہ لگالیا ہے۔ یہ حقیقتاً ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہمیں نہ صرف سیاہ موت سے ہلاک ہونے والوں کے آباء کا پتہ چل گیا ہے بلکہ دنیا میں آج طاعون کے اثرات کو پھیلانے والی اکثریت کے پرکھوں کے بارے میں بھی معلوم ہوگیا ہے۔"
راز سے پردہ کیسے اٹھا؟
اس وبا کے معمے کو حل کرنے والی مشترکہ بین الاقوامی ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب اسٹرلنگ یونیورسٹی کے مورخ ڈاکٹر فلپ سلاوین کو سن 1330کی دہائی کے اواخر میں اچانک بڑی تعداد میں ہونے والی اموات کے شواہد مل گئے۔ یہ شواہد انہیں موجودہ کرغزستان کے شمال میں واقع آسیک کل جھیل کے قریب واقع دو قبرستانوں میں ملے۔
سلاوین نے پایا کہ سن 1248 سے 1345کے درمیان بڑی تعداد میں اموات ہوئی تھیں۔ وہاں موجود 467 قبروں میں سے 118 کے لوح ِمزار پر موت کی وجہ "مواتین" درج تھی۔ اس سیریائی لفظ کا مطلب ہوتا ہے"طاعون"۔
مزید تحقیقات کے لیے تقریباً 30 ڈھانچے قبروں سے نکالے گئے اور ان کی جانچ کی گئی۔ اس جانچ کے نتائج ڈی این اے کے ماہرین کو بھیجی گئی۔ انہوں نے ان انسانی ڈھانچوں میں سے سات کے دانتوں کا تجزیہ کیا۔ ان میں سے تین کے بارے میں یہ ثابت ہوگیا کہ ان کی موت کی وجہ بیوبونک طاعون تھی۔
حتمی تجزیے سے پتہ چلا کہ یہ وہ لوگ تھے جو طاعون سے براہ راست متاثر ہوئے تھے اور جس کے نتیجے میں آٹھ برس بعد یورپ میں 'سیاہ موت' کی وبا پھیل گئی۔ اور اگلی ایک دہائی کے دوران یورپ میں نصف سے زائد آبادی کی موت کی وجہ غالباً یہی وبا تھی۔
کئی براعظموں کی 60 فیصد سے زیادہ آبادی ہلاک
سائنس دانوں کا ابتدا میں خیال تھا کہ یہ وبا غالباً دسویں صدی کے اوئل میں آئی ہوگی تاہم وہ کوئی حتمی تاریخ مقرر کرنے میں ناکام رہے تھے۔
تحقیقاتی ٹیم کے رکن فلپ سلاویان نے کہا،"ہم سیاہ موت کے آغاز کے اسباب کے حوالے سے صدیوں پرانے تمام تنازعات کو ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
سن 1346 سے 1353کے درمیان صرف آٹھ برسوں کے دوران اس طاعون کے نتیجے میں یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی مجموعی آبادی کا 60 فیصد سے زیادہ موت کے منہ میں چلی گئی تھی۔
آج طاعون کا علاج موجود ہے، اینٹی بایوٹک دواوں سے اس کا علاج ممکن ہے لیکن جس وقت 'سیاہ موت' نامی وبا پھیلی تھی اس وقت طاعون ایک لاعلاج بیماری تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔