ربانی برادران بیس سال بعد گوانتانامو بے جیل سے رہا، جلد پاکستان منتقلی

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ربانی برادران کو گوانتانامو بے جیل میں بیس برس قید کے بعد رہا کیا جارہا ہے۔ القاعدہ کے اہم رہنماوں کی سہولت کاری کے الزام میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

Dw

ان دونوں بھائیوں، 55 سالہ عبدالرحیم غلام ربانی اور 53 سالہ محمد احمد غلام ربانی، کو پاکستانی حکام نے سن 2002 میں ان کے آبائی شہر کراچی سے گرفتار کیا تھا اور امریکہ کے حوالے کر دیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے القاعدہ کے اہم رہنماوں کو مالی اور سفری سہولت فراہم کیی تھیں۔

امریکی حکام نے ربانی برادران پر نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کے لیے کام کرنے اور کراچی میں القاعدہ کو اپنی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ایک محفوظ ٹھکانہ فراہم کرنے کا بھی الزام لگایا تھا۔ لیکن یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ ان دونوں بھائیوں کی القاعدہ کی کارروائیوں کے منصوبوں تک رسائی تھی۔


ان دونوں بھائیوں نے گوانتانامو بے منتقل کیے جانے سے قبل سی آئی اے کی حراست میں انتہائی اذیت دیے جانے کے الزامات عائد کیے تھے۔ امریکی ملٹری ریکارڈز کے مطابق پوچھ گچھ کے باوجود ان سے کوئی زیادہ اہم معلوما ت نہیں حاصل ہو سکیں۔

پاکستان منتقلی کی شرطیں فی الحال معلوم نہیں

امریکی فوج نے ایک بیان میں ان دونوں کو منتقل کرنے کا اعلان کیا تاہم یہ نہیں بتایا ہے کہ پاکستان نے کن شرطوں پر ان کی واپسی قبول کی ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ عبدالرحیم غلام ربانی گوانتانامو بے جیل سے رہائی پانے والے معمر ترین قیدیوں میں سے ایک ہیں۔


امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا، "امریکہ حکومت پاکستان اور دیگر شراکت داروں کی جانب سے قیدیوں کی تعداد کو ذمہ دارانہ طور پر کم کرنے اور بالآخر گوانتاناموبے کی سہولت کو بند کرنے پر مرکوز امریکی کوششوں کی حمایت کو سراہتا ہے۔"

'بغیر جرم کے 20 برس قید'

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق رواں برس 27 جنوری کو اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں گوانتانامو بے جیل میں قید پاکستانیوں کامعاملہ زیر غور آیا تھا۔ اور شرکا کو بتایا گیا تھا کہ اس قید خانے سے دو پاکستانی بھائیوں کو مارچ میں رہا کیا جائے گا۔


سینیٹر مشتاق احمد نے قائمہ کمیٹی کو بتایا تھا کہ ربانی برادران پر کوئی مقدمہ نہیں، نہ ان پر کوئی جرم ثابت ہوا، انہیں بغیر کسی جرم کے گوانتانامو بے جیل میں 20 سال سے قید میں رکھا گیا ہے۔ وزارت خارجہ امور کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا تھا کہ ربانی برادران کی واپسی کا عمل فروری کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے اور اس کے ایک ہفتے بعد وہ پاکستان پہنچ جائیں گے۔

گوانتانامو بے جیل 'امریکی زیادتیوں کی علامت'

عبدالرحیم غلام ربانی اور محمداحمد غلام ربانی گوانتانامو جیل سے رہائی پانے والے تازہ ترین قیدی ہیں۔ کیوبا میں امریکی بحریہ کے ایک اڈے پر واقع یہ بدنام زمانہ جیل جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ نے امریکہ پر گیارہ ستمبر 2001کے القاعدہ کے حملوں کے بعد گرفتار مشتبہ دہشت گردوں کو رکھنے کے لیے قائم کیا تھا۔


پنٹاگون نے بتایا کہ ان دونوں پاکستانی بھائیوں کی رہائی کے بعد گوانتا ناموبے میں قید افراد کی مجموعی تعداد کم ہو کر 32 رہ گئی ہے۔ جن میں سے 18 اپنے ملکوں میں منتقل کیے جانے کے اہل ہیں۔ نو قیدیوں کے امریکی فوجی کمیشنوں میں مقدمات چل رہے ہیں اور دو کو سزا ہو چکی ہے۔

گوانتانامو بے جیل کو'دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ' کے دوران کی جانے والی زیادتیوں کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے کیوں کہ یہاں تفتیش کے لیے ایسے سخت طریقے استعمال کیے گئے جنہیں ناقدین تشدد قرار دیتے ہیں۔ جو بائیڈن نے سال 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اس جیل کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم امریکی وفاقی حکومت اس حراستی مرکز کے قیدیوں کو قانوناً امریکی جیلوں میں منتقل نہیں کر سکتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔