پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی ترک صدر ایردوآن سے ملاقات
پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کی اور گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں جانوں کے ضیاع پر 'دلی تعزیت' کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف ترکی میں آنے والے شدید زلزلے کے تناظر میں پاکستان کی یکجہتی اور ترکی کی حمایت کے اظہار کے لیے انقرہ پہنچے ہیں۔ وہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق انقرہ میں صدارتی کمپلیکس میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا استقبال کیا۔ دفتر نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں کو صدارتی محل کے اندر جاتے اور ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ترک صدر کے ساتھ اکیلے میں ہونے والی ملاقات کے ساتھ ہی وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں قیمتی جانوں کے المناک نقصان اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے بڑے نقصان پر صدر ایردوآن اور ترک قوم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ چھ فروری کو ترکی اور ہمسایہ ملک شام میں آنے والے بھیانک زلزلے سے زبردست جانی و مالی نقصان ہوا ہے، جس میں اب تک صرف ترکی میں ہی تقریبا ًتیس ہزار لوگوں کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہزار تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکی اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے بھی اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کی طرح اس زلزلے کے درد اور کرب کو محسوس کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں آخری شخص کی مکمل بحالی نہیں ہو جاتی۔ صدر ایردوآن نے تباہ کن زلزلے کے تناظر میں ترکی کے لیے پاکستان کی مضبوط اور ثابت قدم حمایت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ترک صدر سے ملاقات کے بعد پاکستانی وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ اپنے بھائی صدر ایردوآن سے ملاقات میں انہوں نے عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا، ''میں نے انہیں ترکی کے لیے ہماری مستقل حمایت کا یقین دلایا۔ مجھے یقین ہے کہ صدر کی قیادت میں ترکی اس تباہی سے مضبوطی سے نکلے گا۔''
بیان کے مطابق وزیر اعظم زلزلے سے متاثرہ بعض علاقوں کا بھی دورہ بھی کریں گے اور وہاں موجود پاکستان کی امدادی اور بچاو ٹیموں سے بھی بات چیت کریں گے۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات رہے ہیں اور دونوں ممالک آزمائش اور مصیبتوں کے وقت ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے بھی رہے ہیں۔ شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی ہیں۔
ترکی اور ہمسایہ ملک شام چھ فروری کو ایک تباہ کن زلزلے سے لرز اٹھا تھا، جس میں اب تک مجموعی طور پر 41,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ بہت سے زندہ بچ جانے والے افراد شدید سردیوں کے اس موسم میں بے گھر بھی ہو گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔