دنیا کے قدیم ترین اخبار کی کاغذ پر اشاعت بند کرنے کا فیصلہ

آسٹریا کے اخبار ’وِینر سائٹُنگ‘ کا پرنٹ ایڈیشن، جو 1703ء سے شائع ہو رہا تھا،جمعرات کے روز ملکی پارلیمان کے ایک فیصلے کے بعد حتمی طور پر ختم کر دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

دنیا کے قدیم ترین اخبار کی کاغذ پر اشاعت بند کرنے کا فیصلہ
دنیا کے قدیم ترین اخبار کی کاغذ پر اشاعت بند کرنے کا فیصلہ
user

Dw

آسٹریا کے اخبار 'وِینر سائٹُنگ‘ کا پرنٹ ایڈیشن، جو 1703ء سے شائع ہو رہا تھا،جمعرات کے روز ملکی پارلیمان کے ایک فیصلے کے بعد حتمی طور پر ختم کر دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

معروف مغربی کلاسیکی موسیقار موزارٹ کی جوانی کے واقعات کو اپنی اشاعت کی زینت بنانے والے آسٹرین اخبار 'وِینر سائٹُنگ‘ کی اشاعت بند کر دینے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس اخبار کے پرنٹ ایڈیشن کے خاتمے کا فیصلہ آسٹریا میں میڈیا قوانین میں ترامیم کے بعد ممکن ہوا۔ یہ فیصلہ عملے اور قارئین کے احتجاج کے باوجود ویانا کی پارلیمان نے سنایا۔ آسٹرین پارلیمنٹ نے اکثریتی رائے سے اس قانون کی منظوری دی، جس کے بعد اس روزنامے کے لیے اپنی موجودہ شکل میں باقی رہنا ممکن نہیں ہو سکتا تھا۔


اس جریدے نے اپنی 320 سالہ تاریخ میں نوجوان موزارٹ سے لے کر قرون وسطیٰ کی ہابس بُرگ سلطنت کے آخری شہنشاہ کی دستبرداری تک ہر طرح کے موضوعات پر خبروں اور مضمون کی اشاعت کا سلسلہ جاری رکھا تھا اور اس اخبار کے پبلشر کا دعویٰ تھا کہ یہ دنیا کا ایسا قدیم ترین اخبار ہے، جو آج بھی چھپتا ہے۔ اب لیکن صورت حال مختلف ہو جائے گی۔

یہ اخبار 1857ء سے آسٹریا کی حکومت کی ملکیت میں تھا اور ایک سرکاری گزٹ کے طور پر اپنی خدمات انجام دیتا رہا تھا۔ اس میں سرکاری ملازمتوں کے لیے آسامیوں کے اشتہارات اور دیگر سرکاری قانونی نوٹس بھی چھپتے رہے تھے۔ اس طرح اس اخبار کے لیے یہ رستہ اس کی آمدنی کا اہم ذریعہ بھی بن گیا تھا اور یہ اخبار ساتھ ساتھ خبروں کی رپورٹنگ اور دیگر صحافتی خدمات بھی انجام دیتا رہا تھا۔


قانونی طور پر خاتمہ

ویانا میں جمعرات کو آسٹریا کی پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا جس کے تحت اس اخبار اور دیگر کمپنیوں کو کاغذ کے پرنٹ ایڈیشنز میں اشتہارات کی ضرورت نہیں ہو گی۔ آسٹریا کے قدامت پسند چانسلر سباستیان کُرس نے 2021 ء میں جب اس اخبار کی اشاعت کے بارے میں قانونی ترامیم پہلی بار پیش کی تھیں، تو ان کا کہنا تھا، ''یہ آسٹرین جمہوریہ کی ذمہ داری نہیں کہ وہ روزانہ اخبار چلانے اور اس کی مالی اعانت کرنے میں کوئی کردار ادا کرے۔‘‘

آسٹریا میں میڈیا کے نئے ضوابط نے اخبار 'وِینر سائٹُنگ‘ کے اغراض و مقاصد کو بھی بدل دیا ہے۔ یعنی ایک روزنامے کی خصوصیات سے ہٹ کر اب یہ اخبار ''تربیت اور مزید تعلیم کا ذریعہ‘‘ بن جائے گا۔


اس بارے میں ووٹنگ کے دن شائع ہونے والے ایک مضمون میں، جس کا عنوان 'قانون کے ذریعے خاتمہ‘ تھا، اس جریدے نے لکھا کہ یہ ایک غیر واضح مینڈیٹ ہے جو اس اخبار کی صحافتی مواد تخلیق کرنے کی صلاحیت کو ختم کر دے گا۔‘‘

عملے اور قارئین نے ویانا میں فیڈرل اسمبلی کے باہر ڈیلی پرنٹ ایڈیشن کی بندش کے منصوبے کے خلاف کئی احتجاجی مظاہرے بھی کیے تھے۔ اگرچہ آن لائن ایڈیشن اور ایک ماہانہ پرنٹ ایڈیشن مستقبل میں نکلتے رہیں گے۔ تاہم اس اخبار کے ڈپٹی چیف ایڈیٹر تھوماس زائفرٹ نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ صرف 'ڈیجیٹل یا پیپر‘ کے درمیان تک ہی محدود نہیں تھا۔


انہوں نے آسٹریا کے ایک اور روزنامے 'دی پریسے‘ کو بتایا، ''وِینر سائٹُنگ کی روح کو محفوظ رکھنے سے بھلا کون سے خطرات جڑے ہو سکتے تھے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔