ریکارڈ وقت میں14’سپر پیکس‘ سرکرنے کے ہدف کا تعاقب جاری
ناروے کی خاتون کوہ پیما نے ’’سپر پیکس‘‘ کہلائی جانے والی دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں کو مختصر ترین وقت میں سر کرنے کی مہم کے دوران پاکستان میں ’براڈ پیک‘ نامی چوٹی کو سر کر لیا ہے۔
36 سالہ کوہ پیما کرسٹین ہریلا کے انسٹاگرام پیج پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جمعرات 28 جولائی کو اپنی مہم کے 76 ویں روز دنیا کی 12 ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک سر کی۔ یہ نارویجین کوہ پیما ایک نیپالی مہم جو نرمل پورجا کے 2019ء کے اس ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں جس میں پورجا نے چھ ماہ اور چھ دن میں تمام 14 چوٹیاں سر کر لی تھیں۔
پاکستان میں کوہ پیمائی کے ایک ادارے الپائن کلب آف پاکستان کے حکام فوری طور پر اس نارویجین کوہ پیما کے تازہ ترین کارنامے کی تصدیق کے لیے دستیاب نہیں تھے لیکن کرسٹین نے یہ کارنامہ دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی کے ٹو سر کرنے کے صرف چھ دن بعد انجام دیا ہے۔
کرسٹین کریلا کے انسٹا گرام پیچ پر مزید لکھا گیا ہے، ''وہ اب (براڈ پیک) بیس کیمپ کی طرف اتر رہی ہیں اور پھر اس مہم کے دوسرے مرحلے میں وہ آخری دو چوٹیوں گاشربروم ون اور گاشر بروم ٹو کی طرف بڑھیں گی۔‘‘
دنیا کی 14 سپر چوٹیوں میں سے پانچ پاکستان میں واقع ہیں جن کی بلندی 8,000 میٹر سے زائد ہے۔ ان سب چوٹیوں کو سر کر لینا کوہ پیماؤں کے لیے بہت بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔
رواں سال ریکارڈ تعداد میں کوہ پیماؤں نے پاکستان کی چوٹیوں کا رخ کیا ہے لیکن انہیں اس مہم جوئی کی بھاری قیمت بھی ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ جون کے مہینے میں کوہ پیمائی کا موسم شروع ہونے کے بعد سے اب تک چھ کوہ پیما ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں، جن میں چار غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
گلگت بلتستان میں محکمہ سیاحت کے حکام کے مطابق کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران جن کوہ پیماؤں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے ان میں کینیڈا کے رچرڈ کارٹیر، آسٹریلیا کے میتھیو ایکن، افغانستان کے علی اکبر اور پاکستان کے شریف سدپارہ شامل ہیں۔
الپائن کلب کے مطابق رواں سال 20 خواتین سمیت 140 سے زائد افراد نے 8611 میٹر بلند کےٹو کی چوٹی سر کی ہے۔ اس سال تک کے ٹو کو صرف 425 مرتبہ سر کیا گیا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں نیپال میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو1953ء کے بعد سے اب تک 6000 سے زائد مرتبہ سر کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ ہفتے نیپال سے تعلق رکھنے والےسانو نامی شرپا گاشربروم ٹو کی چوٹی پر پہنچنے کے بعد تمام 14 سپر چوٹیوں کو دو مرتبہ سر کرنے والے پہلے شخص بن گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔