پیرو: 'بغاوت'کے الزام میں کاسٹیلو برطرف، دینا نئی صدر مقرر

پیرو میں سیاسی افراتفری کے درمیان 'بغاوت' اور'سازش' کے الزام میں صدر پیڈرو کاسٹیلو کی برطرفی اور گرفتاری کے ایک روز بعد دینا بولوارٹ نے ملک کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

پیرو: 'بغاوت'کے الزام میں کاسٹیلو برطرف، دینا نئی صدر مقرر
پیرو: 'بغاوت'کے الزام میں کاسٹیلو برطرف، دینا نئی صدر مقرر
user

Dw

جنوبی امریکی ملک پیرو میں کئی گھنٹوں تک سیاسی غیر یقینی صورت حال اور مقننہ اور صدر کے درمیان رسہ کشی کے بعد بالآخر نائب صدر دینا بولوارٹ کو ملک کے نئے صدر کے طور پر حلف دلا دیا گیا جبکہ سابق صدر پیڈرو کاسٹیلو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کاسٹیلونے مواخذہ سے بچنے کے لیے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی کوشش کی تھی۔

بولوارٹ نے بعد میں پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج سے آئندہ 26 جولائی سن 2026 تک کے لیے، جب کاسٹیلو کی مدت مکمل ہونے والی تھی، صدارت کا عہدہ سنبھال رہی ہیں۔


انہوں نے کہا، "میں یہ جانتے ہوئے یہ عہدہ قبول کر رہی ہوں کہ میرے اوپر بہت زیادہ ذمہ داریاں ہیں۔ میری پہلی ترجیح پیرو کے تمام لوگوں کے درمیان ممکنہ وسیع تر اتحاد کی کوشش ہوگی۔" انہوں نے سیاسی صلح کے لیے ایک قومی اتحادی حکومت کے قیام کی بھی اپیل کی۔ دریں اثنا کاسٹیلو کو "بغاوت کے مبینہ جرم" اور "آئینی ضابطوں کی خلاف ورزی" کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کاسٹیلو کو عہدہ سے برطرف کیوں کیا گیا؟

کاسٹیلو نے بدھ کے روز پارلیمان کو تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔ ٹیلی ویژن پر قوم کے نام خطاب میں انہوں نے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک ہنگامی حکومت تشکیل دینے والے ہیں جو فرمان کے ذریعہ حکومت کرے گی۔ کاسٹیلو نے بدھ کے روز یہ اعلان اپنے خلاف پارلیمان میں مواخذہ کی ایک تحریک پربحث شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل کیا۔


کاسٹیلو کا کہنا تھا، "نئی پارلیمان کی تشکیل کے لیے انتخابات کرائے جائیں گے جسے نیا آئین تیار کرنے کا آئینی اختیار حاصل ہوگا۔" ان کے اس اعلان کو بغاوت سے تعبیر کیا گیا اور پارلیمان نے کاسٹیلو کو صدر کے عہدے سے برطرف کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ وہ اپنی پانچ سالہ مدت کا بمشکل 18ماہ ہی مکمل کر پائے تھے۔

بولوارٹ نئی اور پہلی خاتون صدر مقرر

کاسٹیلو کے ٹیلی ویژن خطاب کے بعد پیرو کی پارلیمان نے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا۔ قانون سازوں نے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ نائب صدر دینا بولوارٹ کو 6 کے مقابلے 101 ووٹ حاصل ہوئے۔ جب کہ 10اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔


بولوارٹ پہلے کاسٹیلو کی فری پیرو پارٹی کی رکن تھیں لیکن پارٹی نے انہیں رکنیت سے برطرف کر دیا تھا۔ بولوارٹ نے قبل ازیں کاسٹیلو کے اعلان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی آئین کو منہدم کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا،"یہ تو بغاوت ہے۔"

سیاسی افراتفری

جولائی 2021 میں عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد کاسٹیلو کو مواخذے کے ذریعہ برطرف کرنے کی تیسری کوشش تھی۔ گزشتہ ہفتے پارلیمان میں ان پر متعدد الزامات عائد کیے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ انہوں نے حکومت کرنے کا "اخلاقی جواز" کھو دیا ہے۔


کاسٹیلو نے جوابی حملہ کرتے ہوئے اپنے اوپر عائد الزامات کو " بے بنیاد اور من گھڑت" قرار دیا تھا۔ کاسٹیلو کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کے تحت چھ الگ الگ تفتیش چل رہی ہے۔ لیکن ملک کا صدر رہنے تک آئینی طور پران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی تھی۔ گزشتہ ماہ ہزاروں افراد نے کاسٹیلو سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے پیرو کی سڑکوں پر مظاہرہ کیا تھا۔ امریکہ، چلی اور میکسیکو نے کاسٹیلو کے ذریعہ پارلیمان کو تحلیل کرنے کی کوشش کی نکتہ چینی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔