پیرس: نپولین کی ٹوپی تقریباً بیس لاکھ ڈالر میں نیلام
فرانسیسی شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کی ایک بائیکورن ٹوپی پیرس کے ایک نیلامی گھر میں ریکارڈ 19 لاکھ 32 ہزار یورو میں فروخت ہوئی۔ نیلام کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ نپولین کے پاس ایسی 120 ٹوپیاں تھیں۔
فرانس کے شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کا ایک ہیٹ اتوار کے روز پیرس میں ایک نیلامی میں ریکارڈ بیس لاکھ گیارہ ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔ یہ ایک سیاہ بائیکورن ہیٹ ہے۔ ڈروٹ نیلامی گھر میں فروخت ہونے والی اس ٹوپی کی، شروع میں بس چھ سے آٹھ لاکھ یورو تک کی قیمت لگنے کی امید تھی۔ اس سیاہ ٹوپی پر فرانسیسی پرچم کے رنگوں والا نیلا، سفید اور سرخ تمغہ بھی جسپاں ہے۔ اس سے پہلے یہ ٹوپی فرانسیسی تاجر ژاں لوئس نوزیز کی ملکیت تھی جن کا گزشتہ برس انتقال ہو گیا تھا۔
پیرس کے جنوب میں فونٹین بلیو میں واقع نیلامی گھر نے اس ٹوپی کے خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ نیلامی گھر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آخری بار نپولین کی ایک اور ٹوپی سن 2014 میں جنوبی کوریا کے ایک تاجر نے 1,884,000 یورو میں خریدی تھی، اس طرح یہ پرانہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
اس ہیٹ کی کیا اہمیت ہے؟
نیلام کرنے والے ژاں پیئر اوسنٹ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ ٹوپی نپولین کے لیے ایک ٹریڈ مارک حیثیت رکھتی تھی اور وہ اپنی زندگی میں ایسی 120 ٹوپیوں کے مالک تھے۔ اوسنٹ نے روئٹرز سے بات چیت میں کہا، "یہ ٹوپی اس تصویر کا حصہ ہے، جو انہوں نے اپنے لیے تخلیق کی تھی۔"
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نپولین ہیٹ کو اس طرح پہنتے تھے کہ اس کے کونے ہمیشہ ان کے کندھوں کے ساتھ مطابقت رکھتے تھے، جب کہ اس دور میں بیشتر لوگ اس کے کونے آگے اور پیچھے کی جانب رکھ کر پہنتے تھے۔
نپولین کے ہیٹ اکثر نیلام ہوتے رہتے ہیں۔ اکتوبر 2021 میں ان کی دریافت ہونے والی ایک اور ٹوپی لندن کے بونہمس میں نیلام کی گئی تھی، جو ڈی این اے کے اس ثبوت کے ساتھ تھی کہ یہ ٹوپی نپولین کی ہی ہے۔
فرانسیسی انقلاب کے دوران نپولین ایک نمایاں شخصیت تھی۔ سن 1804 شہنشاہ کے طور پر خدمات سر انجام دینے سے پہلے، انہوں نے قونصل کی حیثیت سے بھی کام کیا اور شہنشاہیت کے قیام کے بعد یورپ کے بیشتر حصوں میں فوجوں کی قیادت کی۔ ان کی زندگی پر مبنی فلم ایک نئی فلم چند دنوں میں ہی سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے، جس میں اداکار جوکوئن فینکس نپولین کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔