شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے پر نینسی پیلوسی کے شوہر جیل میں
امریکی پارلیمان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر کو شراب پی کر گاڑی جلانے کے جرم میں پانچ دن کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 82 سالہ کاروباری شخصیت کو 6,800 ڈالر کے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پال پیلوسی نے کیلیفورنیا میں شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے ایک شخص کو زخمی کرنے کا اپنا جرم قبول کر لیا تھا، جس کے لیے 23 اگست منگل کو عدالت نے انہیں پانچ دن تک کی قید کی سزا سنائی اور انہیں 6,800 ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
جب یہ واقعہ پیش آیا تھا اس وقت پال پیلوسی کو گرفتاری کے بعد دو روز تک جیل میں رہنا پڑا تھا اور اب انہیں مزید جیل جانا نہیں پڑے گا۔ ناپا کاؤنٹی کی ایک اعلی عدالت کے جج جوزف سولگا نے گرفتاری کے بعد پہلے ہی جیل میں رہنے کے لیے انہیں دو دن کا کریڈٹ دیا، اور پھر ان کے اچھے برتاؤ کے لیے بھی مزید دو دن کا کریڈٹ عطا کر دیا۔
82 سالہ پال کو باقی ایک دن کی جیل کے بدلے میں آٹھ گھنٹے تک کمیونٹی سروس انجام دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے اس سزا کے ساتھ ہی ان پر بعض دیگر شرائط بھی عائد کی ہیں۔ وینچر کیپیٹل ایگزیکٹو کو اب تین ماہ کی' ڈرنک ڈرائیو کلاس' میں بھی شرکت کرنا ہو گا اور اپنی کار پر وہ اگنیشن انٹر لاک ڈیوائس بھی نصب کرنا ہو گا، جس میں ڈرائیور کو کار اسٹارٹ کرنے سے قبل ہی اپنی سانس کا نمونہ فراہم کرنا ہوتا ہے۔
ہوا کیا تھا؟
گزشتہ مئی میں پال پیلوسی شراب پی کر کیلیفورنیا میں ایک ہائی وے پرگاڑی چلا رہے تھے اور اسی دوران ان کی پورشے کیریرا ایک جیپ سے ٹکرا گئی تھی۔ اس کے لیے انہیں 28 مئی کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
جیپ چلانے والے شخص کو چوٹ لگنے کے سبب بازو، کندھے اور گردن میں درد کی شکایت ہوئی تھی، تاہم اس حادثے میں کسی کو بھی شدید قسم کے زخم نہیں آئے تھے۔
گرفتاری کے بعد پال پیلوسی کا جب ٹیسٹ ہوا تو پتہ چلا کہ وہ شراب پی کر گاڑی چلا رہے تھے۔ ان کے خون میں الکوحل کی مقدار 082% تک تھی، جو قانونی طور پر اجازت شدہ سطح سے کافی زیادہ ہے۔
کیلیفورنیا ہائی وے پر گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں نے بتایا تھا کہ پال پیلوسی اس قدر نشے میں دھت تھے کہ وہ، ''اپنے پیروں پر غیر مستحکم تھے، آواز لڑکھڑا رہی تھی اور ان سے شراب کی شدید بو بھی آ رہی تھی۔'' پال کی اہلیہ نینسی پیلوسی حادثے کے وقت روڈ آئی لینڈ میں تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔