مسجد الحرام، مسجد نبوی میں عبادات رمضان میں بھی معطل رہیں گی
سعودی حکام کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے سبب مکہ میں مسجد الحرام اور مدینہ میں مسجد نبوی میں عام مسلمانوں کو رمضان کے مہینے میں بھی عبادات کی اجازت نہیں ہو گی۔
دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں مسلمان ہر سال خاص طور پر رمضان کے مہینے میں عبادات کے لیے مکہ میں خانہ کعبہ اور مدینہ میں مسجد نبوی کا رخ کرتے ہیں۔ عام مسلمانوں کے لیے یہ دونوں انتہائی مقدس مقامات پہلے ہی سے بند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں، سعودی عرب: حرم میں اس سال نماز تراویح میں 20 کی جگہ 10 رکعت ہوں گی
ان دونوں مذہبی مقامات کے انتظامی امور کی نگران کونسل کی طرف سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے اسلامی مہینے میں بھی ان مساجد میں مسلمانوں کو عبادت کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کووِڈ انیس نامی وبائی بیماری کا سبب بننے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی حرمین شریفین کے امور کی کونسل کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے، ''ان دونوں مساجد میں رمضان کے دوران بھی نماز تو پڑھی جائے گی تاہم ماضی کی طرح وہاں عام مسلمانوں کو عبادت کے لیے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘‘
شیخ ڈاکٹر السدیس کے مطابق حرمین شریفین میں معمول کی عبادات تو پہلے ہی سے معطل ہیں۔ اب لیکن اس تعطل میں توسیع کے ساتھ اسے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی جاری رکھنے کا احتیاطی فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا اور دونوں مساجد میں کسی بھی طرح کے ممکنہ وائرس کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں میں تیزی لائی جا سکے۔
کورونا وائرس اب تک دنیا کے 185 ممالک اور خطوں میں تقریباﹰ ڈھائی ملین انسانوں کو متاثر کر چکا ہے اور اس کی وجہ سے اب تک ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں اب تک نئے کورونا وائرس کی تقریباﹰ ساڑھے دس ہزار افراد میں موجودگی کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ خلیج کی اس قدامت پسند عرب بادشاہت میں بھی اب تک کووِڈ انیس کی عالمی وبا سو سے زائد افراد کی جان لے چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔