زکر برگ کو ایک دن میں 29 ارب ڈالر کا نقصان، امبانی اور اڈانی سے پیچھے ہوگئے

شیئرز میں گراوٹ کے سبب زکربرگ کی دولت ایک روز میں 29 ارب ڈالر کم ہو گئی۔ وہ ارب پتیوں کی موجودہ فہرست میں 12ویں نمبر پر اور فی الحال بھارتی صنعت کاروں مکیش امبانی اور گوتم اڈانی سے بھی نیچے آگئے ہیں۔

زکر برگ کو ایک دن میں 29 ارب ڈالر کا نقصان، امبانی اور اڈانی سے پیچھے ہوگئے
زکر برگ کو ایک دن میں 29 ارب ڈالر کا نقصان، امبانی اور اڈانی سے پیچھے ہوگئے
user

Dw

جمعرات کے روز میٹا کمپنی کی چوتھی سہ ماہی کے نتائج توقع کے برخلاف آنے کے بعد اس کے شیئروں میں گراوٹ کی وجہ سے مارک زکربرگ کو اپنے اثاثوں میں کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کی نجی دولت 29 ارب کم ہوگئی جو اب تک ایک دن میں کسی بھی جائیداد میں ہونے والی سب سے بڑی گراوٹ میں سے ایک ہے۔ دوسری طرف ہم وطن ارب پتی جیف بیزوس کی کمپنی امیزون کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے بیزوس کی ذاتی دولت میں 20 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔

فوربس کے مطابق میٹا کے شیئروں کی قیمت میں 26 فیصد کی گراوٹ کی وجہ سے کمپنی کے مجموعی مارکیٹ اثاثے میں 200 ارب ڈالر کی کمی ہوئی جو کسی امریکی کمپنی کے لیے ایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔


زکربرگ نے گزشتہ برس فیس بک کا نام بدل کر میٹا کردیا تھا۔ کمپنی میں زکر برگ کی حصہ داری 12.8 فیصد ہے۔ فوربس میگزین کے مطابق میٹا کے شیئروں میں گراوٹ کی وجہ سے کمپنی کے بانی اور سی ای او زکربرگ کی جائیداد گھٹ کر 85 ارب ڈالر رہ گئی ہے۔

بیزوس کی دولت میں 20 ارب ڈالر کا اضافہ

فوربس میگزین کے مطابق ایک دیگر ارب پتی اور امریکی کمپنی امیزون کے چیئرمین جیف بیزوس کی دولت میں جمعرات کو تقریباً 20 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔ کیونکہ ان کی کمپنی نے امید سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ای کامرس کمپنی امیزون میں جیف بیزوس کی تقریباً 9.9 فیصد حصہ داری ہے۔


امیزون نے ایک الیکٹرک گاڑی بنانے والی کمپنی ریویان میں حال ہی میں سرمایہ کاری کی تھی جس کا اسے فائدہ ملا اور اس کی چوتھی سہ ماہی کا منافع بڑھ گیا۔ اس کے علاوہ کمپنی نے امریکا میں اپنی ویڈیو سروس پرائم کی سالانہ سبکرپشن فیس میں اضافہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس کی وجہ سے کمپنی کے شیئروں میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اکتوبر 2009 کے بعد سے کمپنی کی آمدنی میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

فوربس کے مطابق بیزوس دنیا کے امیرترین آدمی ہیں۔ سن 2021 میں ان کی جائیداد اس سے سابقہ برس کے مقابلے میں 57 فیصد کے اضافے کے ساتھ 177ارب ڈالر ہوگئی تھی۔ اس کی بڑی وجہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے دوران لوگوں کا بڑے پیمانے پر آن لائن شاپنگ پر انحصار بتایا گیا۔


زکربرگ کو ایک دن میں ہونے والا نقصان اب تک ایک دن میں ہونے والے سب سے زیادہ نقصانات میں سے ایک ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں امریکی صنعت کار ایلن مسک کو ایک ہی دن میں 35 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ ایسا اس وقت ہوا تھا جب مسک نے ٹوئٹر پر پوچھا تھا کہ کیا انہیں اپنی کمپنی ٹیسلا میں 10 فیصد کی حصہ داری فروخت کردینی چاہئے۔ اس کے فوراً بعد کمپنی کے شیئروں کی قیمت گرنے لگی اور مسک کو ایک ہی دن میں 35 ارب ڈالر کا نقصان ہوگیا تھا۔

ٹیسلا اب تک اس گراوٹ کے دھچکے سے باہر نہیں نکل سکی ہے۔ حالانکہ ایلن مسک نے اس سے قبل ایک ہی دن میں 20 کھرب روپے بھی کمائے تھے۔


زکربرگ اب امبانی اور اڈانی سے پیچھے

جمعرات کو ہونے والے نقصانات کے بعد ارب پتیوں کی تازہ ترین عالمی فوربس لسٹ میں زکربرگ بارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس طرح فی الحال وہ بھارتی صنعت کاروں مکیش امبانی اور گوتم اڈانی سے بھی نیچے آگئے ہیں۔

ماہرین کا تاہم کہنا ہے کہ زکربرگ کا یہ نقصان صرف کاغذ تک ہی محدود رہے گا۔ کیونکہ میٹا کمپنی کے شیئر جلد ہی اس دھچکے سے نکل سکتے ہیں۔ زکربرگ نے گزشتہ برس میٹا کے 4.47 ارب ڈالر کے شیئرز فروخت کردیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔