امریکہ میں برفانی طوفان سے نظام زندگی درہم برہم

امریکہ میں برفانی طوفان کے باعث فضائی سفر میں رکاوٹیں اور ہزارہا گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ سینکڑوں اسکول بھی بند رہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

امریکہ میں برفانی طوفان سے نظام زندگی درہم برہم
امریکہ میں برفانی طوفان سے نظام زندگی درہم برہم
user

Dw

امریکہ میں ایک شدید برفانی طوفان نے ملک کے شمالی اور بالائی مغربی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تیز ہواؤں اور شدید برفباری کے باعث بدھ کو ویسٹ کوسٹ اور گریٹ لیکس کے درمیاں ایک وسیع رقبے پر دو فٹ تک برف کھڑی ہوگئی۔

اس برفانی طوفان کی وجہ سے ہوائی سفر میں رکاوٹوں کا بھی سامنا رہا۔ ساتھ ہی ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور سینکڑوں اسکول بند رہے۔ امریکی ویب سائٹ پاور آؤتیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق اس دوران لاکھوں مکانات اور دیگر املاک کو بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہی۔


مڈ ویسٹ میں منیاپولس کا شہر اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے، جہاں تقریباﹰ 20 انچ برف باری کے ساتھ 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر وہاں 'وائٹ آؤٹ' ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

اس طوفان کے امریکہ کی دیگر ریاستوں کی طرف بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے اور اس بنا پر حکام نے 50 ملین سے زائد شہریوں کے لیے خراب موسم کا انتباہ جاری کیا ہے۔ امریکہ کی قومی موسمیاتی سروس (این ڈبلیو ایس) نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بروز جمعرات کچھ علاقوں میں دو فٹ برف باری کے ساتھ 95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ لاس انجیلس کے قریب عموماﹰ گرم رہنے والے علاقوں میں بھی شدید برفباری متوقع ہے۔


خراب موسم میں سفر دشوار

این ڈبلیو ایس سے منسلک افسران نے تنبیہ کی ہے کہ "سرد موسم میں آنے والا ایک تاریخی طوفان" ریاست مینیسوٹا میں سفر کرنا ناممکن بنا سکتا ہے۔ " مینیسوٹا کے دارالحکومت سینٹ پال کے میئر میلون کارٹر کا اس حوالے سے کہنا تھا، "ہم ایک ایسے طوفان کے لئے تیاری کر رہے جو اب تک مینیسوٹا کی تاریخ کے بڑے طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔"

ساؤتھ ڈکوٹا کی ریاست میں واقع شہر سو فالز میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا اور شدید برفباری کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا۔دریں اثنا امریکہ کے مشرقی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد نیو انگلینڈ میں موٹر سائیکل سواروں کو سڑکوں پر پھسلن کے بارے میں خبردار کر دیا گیا۔


میری لینڈ کی ریاست میں محکمہ موسمیات کے افسران کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے اپر مڈ ویسٹ کے علاقے میں سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ برف سے ڈھکے بجلی کے تار اور گرے ہوئے درخت بدھ اور جمعرات کو بجلی کی بندش کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔