بھارت: جوہری آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے والا چھٹا ملک

بھارت نے جوہری طاقت سے چلنے والی دیسی ساختہ آبدوز آئی این ایس اریہنٹ سے بیلسٹک میزائل داغنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بھارت اب اپنے سمندر کے اندر سے بھی پاکستان اور چین میں ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

بھارت: جوہری آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے والا چھٹا ملک
بھارت: جوہری آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے والا چھٹا ملک
user

Dw

بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق دیسی ساخت کی آبدوزسے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جسے ملک کی بڑھتی ہوئی فوجی صلاحیتیوں کو تقویت فراہم کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بیلسٹک میزائل کو آئی این ایس اریہنٹ سے خلیج بنگال میں داغا گیا اور یہ ''ہتھیاروں کے نظام کے حوالے سے تمام آپریشنل اور تکنیکی پیمانوں پر پورا اترا‘‘۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کامیاب تجربہ بھارتی آبدوزوں کی بیلسٹک میزائل داغنے کی صلاحیتوں کا، جو کہ بھارت کے جوہری تدارک کی صلاحیت کا ایک کلیدی عنصر ہے، ثبوت ہے۔


بھارت ہتھیارسازی میں خود کفالت کی جانب

بھارت جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں میں بیلسٹک میزائل استعمال کرنے والا دنیا کا اب چھٹا ملک بن گیا ہے۔ جن دیگر ملکوں کے پاس یہ صلاحیت ہے ان میں امریکہ، روس، برطانیہ، فرانس اور چین شامل ہیں۔

آبدوز سے بلیسٹک میزائل داغنے کا کامیاب تجربہ فوجی ہتھیار سازی میں بھارت کی خود کفالت کی جانب مزید ترقی کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ ستمبر میں بھارت نے پہلے دیسی ساخت کے طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرانت کا افتتاح کیا تھا۔ جسے خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے فوجی اثر ورسوخ کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کے حوالے سے ایک سنگ میل قرار دیا گیا تھا۔


آئی این ایس وکرانت دنیا کے سب سے بڑے طیارہ بردار جنگی جہازوں میں سے ایک ہے۔ اس کی لمبائی 262 میٹر ہے اور اسے 17 برسوں کی تیاری اور تجربے کے بعد اسے بھارتی بحریہ میں شامل کیا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے حال ہی میں انتہائی بلندیوں پر پرواز کرنے اور تیزی سے حملہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے دیسی ساخت کے ہیلی کاپٹروں کی بھی نقاب کشائی کی تھی۔ ان ہیلی کاپٹروں کو کوہ ہمالہ جیسے انتہائی بلندی والے علاقوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔


بھارت کے پاس اس وقت دیسی ساختہ بیلسٹک میزائل داغنے والی تین آبدوزیں موجود ہیں۔ اس نے آبدوزوں سے زمین پرمار کرنے والے دو میزائل کے۔15 اور کے۔4 بھی تیار کیے ہیں۔ ثانی الذکر 3500 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے جو کہ چین کے خلاف جوہری تدارک کے طور پر کام کر سکتا ہے۔

جوہری طاقت سے چلنے والے ایسی آبدوز جن میں بیلسٹک میزائل نصب ہوں، بھارت کا اب تک کا ہتھیاروں کا پیچیدہ ترین پروگرام ہے جس میں اس نے کامیابی حاصل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔