کرایہ دار کی موجودگی کے باوجود مالک مکان نے گھر گرا دیا
جرمن شہر گیرولشٹائن میں ایک جرمن مالک مکان نے کرایہ دار کی گھر میں موجودگی کے باوجود گھر کا کچھ حصہ گِرا دیا۔ پولیس نے مالک مکان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
جرمنی کے ایک مغربی شہر گیرولشٹائن میں ایک جرمن مالک مکان نے اس وقت گھر کا کچھ حصہ گِرا دیا جب اس کا کرایہ دار گھر کے اندر ہی موجود تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس مالک مکان نے مذکورہ مکان کو گِرانے کے لیے کھدائی کرنے والی بھاری مشین کا استعمال کیا۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کرایہ دار محفوظ رہا اور اسے کوئی زخم نہیں آئے۔ مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد مالک مکان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق، ''کرایہ دار اس وقت گھر کے اندر ہی موجود تھا، مگر خوش قسمتی سے وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔‘‘
حکام کے مطابق مذکورہ گھر اب اس قابل نہیں رہا کہ اس میں رہائش اختیار کی جا سکے اور یہ کہ اب اس گھر کو مکمل طور پر گِرانا پڑے گا۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد کرایہ دار نے شہری انتظامہ سے رابطہ کیا جس نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کی طرف سے فراہم کردہ ایک تصویر ميں اس گھر کا کچھ حصہ گِرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر میں گھر کی گری ہوئی بیرونی دیوار کے علاوہ اس کی چھت میں بھی ایک بڑا سوراخ دیکھا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔