فٹ بال میچ میں آب دیدہ بچی کے لیے ہزاروں یورو کا تحفہ
ویلز سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے ایک دلدادہ جرمن فٹ بال ٹیم کی ایک ننھی مداح کو بتانا چاہتے ہیں کہ برطانیہ میں ہر شخص برا نہیں۔ وہ کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے سائبر بُلِنگ کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے ہیں۔
یوئیفا یورو کپ دو ہزار بیس کے سلسلے میں لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک کوارٹر فائنل میچ میں برطانیہ نے جرمنی کو شکست دے کر یورو چیمپئن شپ سے باہر کردیا تھا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے جرمن فٹ بال ٹیم کی ایک ننھی مداح بھی اسٹیڈیم میں موجود تھی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے دوچار ہوتے دیکھ کر وہ آب دیدہ ہوگئی۔
اس جرمن بچی کو اسٹیڈیم میں نصب بڑی اسکرین اور ٹی وی پر روتے ہوئے دکھائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سائبر بُلِنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
سائبر بُلِنگ کے خلاف آگہی
ویلز سے تعلق رکھنے والے جوئل ہِیوز نے سائبر بُلِنگ کا نشانہ بننے والی اس جرمن بچی کے لیے تنتیس ہزار دو سو یورو کی رقم اکٹھا کی ہے۔ ہِیوز کے مطابق اس لڑکی کے روتے ہوئے مناظر ٹی وی اور اسٹیڈیم کی اسکرین پر دکھائے جانے کے بعد اس کو آن لائن ہراساں کیا گیا۔ ہیوز نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس رقم سے سوشل میڈیا کے غیرمحفوظ عنصر کا مقابلہ کرنے میں مدد مل سکے گی۔ ہیوز کے بقول، ''میں اس طرح کی آن لائن بدمعاشی دیکھ کر خاموش نہیں رہ سکتا ہوں۔‘‘
سوشل میڈیا کے فوائد اور نقصانات
ہِیوز نے جرمن بچی کی مدد کے لیے ابتدائی طور پر پانچ سو پاؤنڈ کی رقم کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن کراؤڈ فنڈنگ یعنی لوگوں کی طرف سے آن لائن عطیہ کی مدد سے یہ رقم بہت تیزی بڑھتی گئی۔
ہیوز اپنے کراؤڈ فنڈنگ پیج justgiving.com پر لکھتے ہیں، ''میں یہ چاہتا ہوں کہ متاثرہ بچی کے والدین یہ رقم اپنی بیٹی کی خوشی پر خرچ کریں تاکہ وہ یہ جان سکے کہ برطانیہ میں ہر کوئی برا نہیں ہے اور ہم دوسروں کا خیال رکھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ابھی تک اس جرمن بچی کی شناخت نہیں جانتے لیکن وہ امید کرتے ہیں کہ ''سوشل میڈیا کے ذریعے یہ کام ہوسکتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔