ہندوستان میں حج کی درخواستیں، سارا عمل ڈیجیٹل کر دیا گیا،دنیا کا پہلا ملک
حکام کے مطابق حج کی درخواستوں سے متعلق سارا عمل ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ ایک خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے عازمین حج کو آن لائن معلومات کے حصول اور شکایات کے اندراج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ بھارت حج کی درخواستوں اور سفری معلومات سے متعلق پورے عمل کو ڈیجیٹل بنا دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اس بارے میں ایک اعلان بھارت اور سعودی عرب کے مابین حج 2020ء سے متعلق ایک معاہدے پر دستخطوں کے بعد کیا۔
یہ معاہدہ مکہ میں سعودی عرب کے حج اور عمرے سے متعلقہ امور کے وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتان کی موجودگی میں طے پایا۔ مختار عباس نقوی نے کہا، ’’بھارت دنیا کا ایسا پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے اپنے ہاں حج کے عمل سے متعلق جملہ کارروائی کو پوری طرح ڈیجیٹل بنا دیا ہے۔‘‘
اس بارے میں بھارت نے جو اعلان کیا ہے، اس میں کئی اہم سہولیات شامل ہیں۔ اس موضوع پر اپنی ایک ٹویٹ میں اقلیتی امور کے بھارتی وزیر نے لکھا کہ اس کے پروگرام تحت آن لائن درخواستیں، ای ویزا، ای مسیحا (صحت سے متعلق ای کارڈ)، ای لگیج پری ٹیگنگ (حاجیوں کے سامان اور ایئر لائنز سے متعلق خصوصی معلومات)، مکہ اور مدینہ میں ٹھہرنے کے مقامات اور نظام الاوقات سے متعلق معلومات ہر طرح کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
یوں عازمین حج کو پہلے سے ہی یہ علم بھی ہو گا کہ مثال کے طور پر مکہ اور مدینہ پہنچ کر وہ کس ہوٹل کے کس نمبر کے کمرے میں قیام کریں گے اور ایئر پورٹ سے انہیں کس نمبر کی بس میں سوار ہونا ہو گا۔
حجاج کو سفر کے دوران جو خصوصی سم کارڈ مہیا کیا جایا کرے گا، اسے ایک خصوصی موبائل ایپ سے مربوط کیا جائےگا اور یوں انہیں مسلسل آن لائن اپ ڈیٹس بھی ملتے رہیں گے۔ اگر انہیں کسی مرحلے پر دشواری کا سامنا ہو، تو وہ آن لائن اپنی شکایات بھی درج کرا سکیں گے، جن کے بلاتاخیر ازالے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ بھارت میں ممبئی کے حج ہاؤس میں آن لائن سہولیات کو بھی مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن سے عازمین حج کے لیے مزید آسانیاں پیدا ہو جائیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل پروگرام کے تحت حج سے متعلق تمام نجی اور سرکاری تنظیموں کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم سے مربوط کر دیا گیا ہے، اور یوں بھارتی مسلمانوں کے لیے حج کا عمل مزید سہل اور شفاف تر ہو جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق 2020ء میں تقریباﹰ دو لاکھ بھارتی شہری حج کے لیے سعودی عرب جائیں گے اور اس دوران ان میں سے کسی کو بھی کوئی حکومتی اعانت حاصل نہیں ہو گی۔ نئی دہلی حکومت نے چند برس قبل جاجیوں کو دی جانے والی سبسڈی ختم کر دی تھی۔ اگلے برس کے حج کے لیے آن لائن درخواستیں دینے کا سلسلہ رواں ماہ کی پانچ تاریخ تک جاری رہے گا۔
ماضی میں حاجیوں کی طرف سے بھارتی حکام پر لاپرواہی برتنے کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں اور اس بارے میں بہت سی شکایات کے بعد ہی حکومت نے اس پورے عمل کو ڈیجیٹل بنا دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ماضی میں اس طرح کی شکایات بھی سننے میں آتی رہی تھیں کہ کئی حاجیوں سے رہائش کے لیے کرایہ تو فائیو سٹار ہوٹلوں کا لیا گیا تھا، مگر ان کے لیے رہنے کے لیے بندوبست انتہائی معمولی اور کم کرائے والی جگہوں پر کیا گیا تھا۔ اب لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ایسی تمام شکایات کا ازالہ ہو جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔