جرمن عوام کو اشیائے خوراک کے ضیاع پر گہری تشویش
جرمن عوام کی بہت بڑی اکثریت کی رائے میں جرمنی میں بہت زیادہ اشیائے خوراک ضائع کر دی جاتی ہیں اور یہ بہت تشویش ناک بات ہے۔
جرمنی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری کی وفاقی تنظیم کا نام بِٹکوم (Bitkom) ہے اور اس کی طرف سے کرائے گئے رائے عامہ کے ایک حالیہ ملک گیر جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ 93 فیصد باشندے اس بات پر ناخوش ہیں کہ یورپ کی اس سب سے بڑی معیشت میں بہت بڑی مقدار میں اشیائے خوراک ضائع کر دی جاتی ہیں اور کوڑے میں پھینک دی جاتی ہیں۔
اس سروے میں 68 فیصد رائے دہندگان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اشیائے خوراک کے اس ضیاع کی روک تھام اور وسائل کے زیادہ دانش مندانہ اور کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کی سوچ کی ترویج کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور آن لائن سٹور بڑا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دس فیصد رائے دہندگان نے بتایا کہ وہ اشیائے خوراک کی آن لائن خریداری کا تجربہ کر چکے ہیں یا باقاعدگی سے اشیائے خوراک کی آن لائن شاپنگ کرتے ہیں۔ چھیالیس فیصد شہریوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی آن لائن شاپنگ سے وقت بھی بچتا ہے اور رقم بھی۔ اس کے علاوہ 43 فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ وہ یہ تصور کر سکتے ہیں کہ مستقبل میں وہ اپنے لیے اشیائے خوراک کی آن لائن شاپنگ کرنے لگیں گے۔
ضیاع سے بچنے کا طریقہ
بِٹکوم کے مطابق ڈیجیٹل سٹوروں اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے تجارت کی وجہ سے یہ ممکن ہو جاتا ہے کہ ایسی اشیائے خوراک بھی بہت اچھی حالت میں اور سستے داموں خریدی جا سکتی ہیں، جو مختلف شہروں اور قصبوں میں قائم سپر مارکیٹوں کی طرف سے عموماﹰ پھینک دی جاتی ہیں۔
اس کی ایک مثال یہ ہے کہ اگر کھانے پینے کی مصنوعات کی صنعتی پیکنگ میں کوئی خامی رہ جائے، مگر وہ اشیائے خوراک بالکل ٹھیک اور تازہ ہوں، تو بھی سپر مارکیٹیں انہیں پھینک دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر سپلائی فروخت سے زیادہ ہو تو بھی خراب ہو جانے کے خطرے کی وجہ سے ایسی اشیائے خوراک کوڑے میں پھینک دینے سے کہیں بہتر یہ ہوتا ہے کہ انہیں آن لائن فروخت کر دیا جائے۔
بِٹکوم کی اس شعبے کی ماہر خاتون یانا مورٹس نے کہا کہ جرمن صارفین کو اس حوالے سے خود کو باخبر بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ ان درجنوں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جو بالکل تر و تازہ اشیائے خوراک اپنے کم کاروباری اخراجات کے باعث کم قیمت پر فروخت کرتے ہیں اور پھر جو کچھ خریدا جائے، وہ صارفین کے گھروں تک بھی پہنچا دیتے ہیں۔
یانا مورٹس نے کہا کہ کھانے پینے کی ہر وہ شے، وہ پھل اور وہ سبزی جو کھانے والے کی پلیٹ تک پہنچنے کے بجائے کوڑے کے ڈبے میں پہنچ جائے، وہ ناانصافی ہے اور سماجی سطح پر غیر ذمے دارانہ رویہ بھی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خوراک کے ضیاع سے صرف ایسی اشیاء ہی ضائع نہیں ہوتیں بلکہ وہ وسائل بھی ضائع ہو جاتے ہیں، جو کوڑے میں پھینک دیے گئے پھلوں اور سبزیوں کو اگانے کے لیے استعمال ہوئے ہوتے ہیں۔
یانا مورٹس نے اس کی وضاحت کے لیے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی سپر مارکیٹ یا کوئی صارف ایک پورا تربوز کوڑے میں پھینک دے، تو اس کی خریداری کے لیے ادا کردہ رقم ضائع ہو جانے کے ساتھ ساتھ وہ سارا پانی، توانائی اور زرعی کوششیں بھی ضائع ہو جاتی ہیں، جو اس تربوز کو اگانے کے لیے صرف کی گئی تھیں۔ بِٹکوم کے اس نمائندہ سروے کے لیے جرمنی بھر کے مختلف شہروں اور قصبوں میں سولہ برس سے زائد عمر کے ایک ہزار سے زائد صارفین سے ان کی تفصیلی رائے معلوم کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔