کیوں جرمن وزیر خارجہ عام مسافر پرواز سے اسپین کے دورے پر جائیں گی؟

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک جرمن فوج کے کسی چارٹرڈ طیارے کے بجائے ایک عام مسافر پرواز کے ذریعے اسپین کے دورے پر جائیں گی اور میڈرڈ میں اپنے ہسپانوی ہم منصب سے مذاکرات کریں گی۔

جرمن وزیر خارجہ عام مسافر پرواز پر اسپین کے دورے پر جائیں گی
جرمن وزیر خارجہ عام مسافر پرواز پر اسپین کے دورے پر جائیں گی
user

Dw

جرمنی میں عام روایت یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے وزراء اپنے غیر ملکی دوروں کے لیے ملکی فوج کے چارٹرڈ طیارے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کل منگل کے روز اپنے دورہ اسپین کے لیے ایسے کسی چارٹرڈ طیارے کو استعمال کرنے کے بجائے ایک عام مسافر طیارے میں سفر کریں گی۔

برلن میں وفاقی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون وزیر خارجہ نے میڈرڈ کے اپنے دورے کے لیے چارٹرڈ طیارے کے بجائے معمول کی تجارتی پرواز کے ذریعے سفر کرنے کا فیصلہ دانستہ طور پر کیا ہے۔


ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ اور ان کی ماحول پسند گرین پارٹی کی سوچ یہ ہے کہ فضا میں زہریلی کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے جہاں تک عملاﹰ قابل عمل ہو، وہ اپنے دوروں کے لیے عام مسافر پروازوں ہی کا استعمال کریں گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق بیئربوک اپنے اس دورے کے دوران ہسپانوی ہم منصب خوزے مانوئل الباریس کے ساتھ بات چیت میں دو طرفہ روابط اور یورپ کے لیے اہم خارجہ پالیسی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گی، جن میں یوکرائن اور روس کے مابین موجودہ بحران بھی شامل ہو گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔