ایران نے امارات میں سات برس بعد پہلا سفیر مقرر کر دیا

ایران نے 2016 کے بعد پہلی بار متحدہ عرب امارات کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ ایران کی خلیجی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ کی اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات بھی ہو رہی ہے۔

ایران نے امارات میں سات برس بعد پہلا سفیر مقرر کر دیا
ایران نے امارات میں سات برس بعد پہلا سفیر مقرر کر دیا
user

Dw

تہران نے بتایا کہ اس نے متحدہ عرب امارات کے لیے نئے سفیر کی تقرری کر دی ہے اور رضا امیری جلد ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔ اگست میں متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور وہاں اپنے سفیر کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ نئی پیش رفت خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان تعلقات کو ازسرنو استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ سن 2016 میں ایک معروف شیعہ رہنما کو سعودی حکومت کی جانب سے پھانسی دیے جانے کے بعد ایرانی مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارت خانے پرحملہ کر دیا تھا، جس کے بعد ریاض نے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی بعد میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کم کر لیے تھے۔


ایران اور سعودی عرب کے درمیان برسوں کی مخاصمت نے خلیج میں استحکام اور سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کردیا تھا اور اس سے مشرق وسطیٰ سے لے کر یمن تک تصادم کو بھی ہوا ملی تھی۔ لیکن گزشتہ ماہ ایک غیر معمولی تبدیلی اس وقت آئی جب چین کی ثالثی میں ریاض نے تہران کے ساتھ اپنے تعلقات دوبارہ قائم کر لیے۔

متحدہ عرب امارات کا دوبئی ایک طویل مدت سے بیرونی دنیا کے ساتھ ایران کا سب سے اہم رابطہ رہا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے ایران کے نئے سفیر رضا امیری وزارت خارجہ میں بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔


ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات

ایک ایرانی سرکاری عہدیدار اور سعودی ملکیت والے اخبار کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان جمعرات کے روز بیجنگ میں ملاقات ہونے والی ہے۔ دونوں ملکوں کے اعلیٰ ترین عہدیداروں کے مابین گزشتہ سات برسوں کے دوران یہ پہلی ملاقات ہو گی۔

ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا،"چین کی سہولت کاری میں دونوں وزرائے خارجہ 6 اپریل کو بیجنگ میں ایک دوسرے سے ملاقات کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔" سعودی ملکیت والے اخبار الشرق الاوسط نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس ملاقات میں گذشتہ ماہ اعلان کردہ تعلقات کی بحالی کے لیے معاہدے کے مواد کو فعال کرنے اور سفیروں تبادلے کے طریقہ کار پر بات کی جائے گی۔


اخبار کے مطابق "سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے لیے چین کا انتخاب ایک معاہدے تک پہنچنے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کرنے میں بیجنگ کے مثبت کردار کی توسیع کا حصہ ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔