دہشت گردی کے خلاف یورپ متحد
پیرس، نیس اور ویانا میں تازہ حملوں کے بعد یورپی یونین کی رکن ریاستوں نے دہشت گردی کے خلاف نیا اعلانِ جنگ کر دیا ہے۔ اب ممکنہ طور پر یورپ بھر میں نگرانی کے نظام کو وسعت دی جائے گی۔
برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ کے اس اجلاس کے لیے تاریخ کا انتخاب خود ایک مضبوط علامتی اظہاریہ ہے۔ پانچ برس قبل اسی دن پیرس میں خودکار ہتھیاروں اور خودکش جیکٹوں سے مسلح افراد نے آگ اور خون کا کھیل کھیلا تھا۔ یہ مسلح دہشت گرد، جنہوں نے دہشت گرد تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ‘ کی بیعت کر رکھی تھی، نے پیرس میں مختلف مقامات پر اندھا دھند فائرنگ اور بم دھماکے کر کے ایک سو تیس افراد کو موت کی نیند سلا دیا تھا جب کہ اس واقعے میں چھ سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
مگر پیرس حملے کے پانچ سال بعد بھی یورپ میں مسلم دہشت گردی کا مسئلہ بدستور موجود ہے۔ پیرس اور نیس میں تازہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد فرانس میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خلاف رسمی انتباہی سطح بلند ترین کر دی گئی ہے۔ رواں ماہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک حملہ آور نے فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک اور قریب دو درجن افراد کو زخمی کر دیا۔
یوروپی ممالک کے وزراء داخلہ کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے، ''ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم تمام ممکنہ اقدامات کے ذریعے دہشت گردی کا انسداد کریں گے۔‘‘
بتایا گیا ہے کہ وزرائے داخلہ نے متعدد امور پر اتفاق کیا ہے جن میں دہشت گردی کے خدشات پر سکیورٹی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادے کے نظام میں بہتری، انٹرنیٹ سے دہشت گردی سے متعلق مواد کا فوری طور پر ہٹایا جانا اور شینگن علاقے کی سرحدوں پر سخت جانچ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
جرمن وزیرخارجہ ہورسٹ زیہوفر نے اس مشترکہ اعلامیے کو یورپی اتحاد کا ايک زبردست اشارہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام رکن ریاستیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ اقدامات کرتی ہیں، تو یورپ ایک 'سپر پاور‘ بن سکتا ہے۔
تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس مشترکہ اعلامیے میں طے کردہ بعض نکات پر عمل درآمد کو مزاحمت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ زیہوفر کا موقف ہے کہ انٹيليجنس حکام کو انکرپٹڈ گفتگو تک رسائی ہونا چاہیے، تاکہ وہ واٹس ایپ سمیت انکرپیٹڈ طریقے سے بھیجے اور وصول کیے جانے والے پیغامات پڑھ سکیں۔ متعدد یورپی ریاستوں نے اس سلسلے میں اس قرارداد پر کام شروع کر دیا ہے جس کے ذریعے واٹس ایپ سمیت ایسے دیگر انٹرنیٹ میسیجنگ پلیٹ فارمز کو نگرانی کے لیے ڈیٹا مہیا کرنے کا پابند کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔