بنگلہ دیش میں خواجہ سراؤں کے لئے وراثت کے حقوق

جلد ہی خواجہ سرا اپنے اہل خانہ کی جائیداد کے وارث بن سکیں گے یا جائیداد میں حصہ حاصل کر سکیں گے۔

تصویر گیٹی
تصویر گیٹی
user

ڈی. ڈبلیو

بنگلہ دیش کے وزیر قانون نے حال ہی میں اعلان کیا کہ جلد ہی خواجہ سرا اپنے اہل خانہ کی جائیداد کے وارث بن سکیں گے یا جائیداد میں حصہ حاصل کر سکیں گے۔ یہ قدامت پسند مسلم اکثریتی ملک میں اس اقلیتی طبقے کو زیادہ سے زیادہ حقوق دلانے کی تازہ ترین کوششوں میں سے ایک ہے۔

168 ملین افراد پر مشتمل ملک بنگلہ دیش سرکاری طور پر سیکولر ہے لیکن جائیداد سے متعلق قوانين اب بھی مذہبی قوانین کی پیروی کرتے ہيں جن کے تحت والدین کی وفات کے بعد خواجہ سراؤں کو جائیداد کی وراثت سے روک دیا جاتا ہے یا جائیداد میں ان کو کوئی حصہ نہیں دیا جاتا۔


وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اس ہفتے کابینہ کے اجلاس میں بتایا تھا کہ خواجہ سراؤں کے ليے وراثت کے نئے قوانین تیار کيے جا رہے ہیں۔ وزیر قانون انیس الحق نے نيوز ايجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم اسلامی شريعہ قانون اور اپنے آئین کے مطابق ایسی قانون سازی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی مدد سے خواجہ سراؤں کے ليے جائیداد کے حقوق کو یقینی بنایا جاسکے۔‘‘

پارلیمنٹ سے اس بِل کی منظوری ابھی باقی ہے لیکن امکان ہے کہ قانون ساز اسمبلی اسے پاس کر دے گی۔ بنگلہ دیش نے سن 2013 کے بعد سے خواجہ سراؤں کو ایک علیحدہ صنف کے طور پر شناخت کی اجازت دے دی تھی۔ ملکی سطح پر خواجہ سراؤں کی تعداد ڈیڑھ ملین کے قریب ہے۔ گزشتہ برس انہیں تیسری صِنف کے طور پر ووٹ ڈالنے کے ليے اندراج کی اجازت بھی دے دی گئی تھی۔ اس ماہ کے آغاز میں بنگلہ ديش ميں مسلم خواجہ سراؤں کے ليے اولين اسلامی مدرسہ بھی کھولا گيا۔


لیکن ایل جی بی ٹی کیو برادری کو اب بھی وسیع پیمانے پر امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ نوآبادیاتی دور کا ایک ایسا قانون اب بھی موجود ہے، جس میں ہم جنس پرستی پر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ گو کہ اس کا نفاذ بہت ہی کم ہوتا ہے.

انسانی حقوق کے ليے سرگرم کارکنوں نے ان اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم انہیں اس بارے میں شبہ ہے کہ آیا اس قانون پر عملدرآمد ہوگا کیونکہ بہت سے خاندان اب بھی اپنی خواجہ سرا اولادوں کو سماجی دباؤ کی وہ سے قبول کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔


ٹرانسجنڈر رائٹس گروپ سدا کالو کی سربراہ انانیا بانیک نے کہا کہ ایک کارکن کی حیثیت سے انہيں خوشی ہے کہ اس مسئلے پر توجہ دی جا رہی ہے لیکن یہ مسئلہ صرف قانون سازی سے حل نہیں ہوگا بلکہ اس کے ليے پورے معاشرے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ بانیک نے کہا کہ وہ 16 سال کی عمر میں خواجہ سِرا بن کر سامنے آئیں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے ان کے خاندان پر بہت دباؤ ڈالا جس کے نتیجے میں انہيں اپنا گھر چھوڑنا پڑ گيا تھا۔ وہ تنہا نہیں، معاشرے میں لاکھوں افراد یا خواجہ سرا اب بھی موجود ہیں جنہیں اپنے گھر اور خاندان چھوڑنے پڑتے ہیں۔ بانیک نے کہا وہ اپنی شناخت مونث کے طور پر کراتنے کو ترجیح دیتی ہيں۔ اکثر خواجہ سرا اپنے خاندان کے افراد، رشتے داروں یا عزیز و اقارب سے دور ہو جاتے ہیں اور اگر وہ اپنی وراثت کا دعویٰ کرنے گھر واپس جائیں، تو انہیں تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انسانی حقوق کے ليے سرگرم کارکنوں کو سخت گیر مذہبی نظريات کے حامل حلقوں سے سخت ردِعمل کا بھی خدشہ رہتا ہے۔ سن 2015 ء میں انتہا پسندوں نے ایک معروف ہم جنس پرست کارکن اور ایل جی بی ٹی میگزین کے ایڈیٹر کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔