رمضان کی رونق میں اضافہ، بازاروں میں خریداری عروج پر

ماقبل اور مابعد افطار کپڑوں اور دیگر سامان کی خریداری زور وشور سے جاری ہے جس کا سلسلہ رات دیر گئے تک اور پھر سحری تک بھی جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

تاریخی شہر حیدرآباد میں رمضان کی رونقیں دیکھنے لائق ہیں۔فرزندان توحید نمازوں، عبادات، ریاضت، اعتکاف، ذکرواذکار، توبہ و استغفار،دعاؤں،ادائیگی زکوۃوفطرہ، تلاش شب قدر میں مصروف ہی۔لوگ اس ماہ مقدس کی ایک ایک ساعت کو قیمتی جان کر خالقِ ارض وسماں کو منانے،بندگی کا حق اداکرنے اورزیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن مجید میں مصروف عمل ہیں۔مساجد، درگاہوں،بارگاہوں اور خانقاہوں میں عبادات کے روح پرور مناظردیکھے جارہے ہیں۔دوسری طرف قرآن پاک کے نزول کے اس رحمتوں، برکتوں،سعادتوں اورفضیلتوں والے بابرکت ماہ میں شہر کو خصوصیت کے ساتھ سجایا اور سنوارا گیا ہے۔بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

شہر کے بازاروں میں خریداری عروج پر ہے۔ماقبل اور مابعد افطار کپڑوں اور دیگر سامان کی خریداری زور وشور سے جاری ہے جس کا سلسلہ رات دیر گئے تک اور پھر سحری تک بھی جاری ہے۔بازاروں میں ہر قسم کے ملبوسات دیکھنے کو مل رہے ہیں اورکئی مقامات پر کپڑوں کے اسٹالس بھی لگائے گئے ہیں جہاں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ مختلف ورائٹیز، پروڈکٹس اور اشیا لوگوں بالخصوص خواتین کو اپنی طرف راغب کر رہی ہے۔


کئی تاجروں نے اس سال عید کی شاپنگ کے لئے لگائے گئے اسٹالس پر عوام کے ہجوم اور بہتر ردعمل پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی فروخت کافی اچھی ہورہی ہے۔ کرتاپائجامہ،ڈریس مٹیرئیل،چکن کاری سوٹ اور ہمہ اقسام کے کپڑوں کے یہاں پر اسٹالس اوردکانات لگائی گئی ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ان دکانات میں بہترین ملبوسات کے وافر اسٹاکس موجود ہیں۔

دوسری طرف حلیم کی بھی دھوم ہے۔حلیم کی مختلف ورائٹیز یہاں دیکھنے کو مل رہی ہیں جس کا مزہ چکھنے کے لئے ریاست کے مختلف مقامات سے لوگ پرانے شہر حیدرآباد کا رخ کر رہے ہیں۔یہاں کی حلیم کافی مشہور ہے۔پستہ ہوز،شاہ غوث اور دیگر ہوٹلوں کی حلیم کا کاروبار کافی عروج پرپہنچ گیا ہے۔عصر کے بعد سے ہی لوگ حلیم خریدنے کے لئے ان ہوٹلوں کارخ کرر ہے ہیں جس سے سڑکوں پرٹریفک جام بھی ہورہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 May 2019, 10:10 PM