ریپ سے کیسے بچا جائے: انتہائی متنازعہ مشورہ دینے پر جج برطرف

ایک جج کو عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران ایک خاتون کو یہ متنازعہ مشورہ دینا بہت مہنگا پڑا کہ ریپ سے بچاؤ کے طریقوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ اپنی ’ٹانگیں بند کر لے‘۔

ریپ سے کیسے بچا جائے: انتہائی متنازعہ مشورہ دینے پر جج برطرف
ریپ سے کیسے بچا جائے: انتہائی متنازعہ مشورہ دینے پر جج برطرف
user

ڈی. ڈبلیو

امریکی عدالتی تاریخ کا یہ غیر معمولی واقعہ ریاست نیو جرسی میں پیش آیا۔ ریاست کی ایک اعلیٰ عدالت کے جج جان رُوسو جونیئر ایک مقدمے کی سماعت کر رہے تھے۔ درخواست دہندہ خاتون نے عدالت سے مقدمے کے دوسرے فریق کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کی درخواست کی تو جج نے ایک ایسا مشورہ دے دیا، جو انتہائی متنازعہ بن گیا۔

اسٹیٹ سپریم کورٹ کا متفقہ فیصلہ


جج جان رُوسو جونیئر نے اس خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ یہ دیا کہ کسی جنسی زیادتی یا حملے سے بچنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ خاتون 'اپنی ٹانگیں بند کر لے‘۔

اس پس منظر میں منگل کے روز نیو جرسی سپریم کورٹ نے متعلقہ جج کے خلاف کارروئی کرتے ہوئے نہ صرف انہیں اس مقدمے کی سماعت سے الگ کر دیا بلکہ ان کے آئندہ کسی بھی ایسے مقدمے کی سماعت کرنے پر مستقل پابندی بھی لگا دی، جس کا تعلق گھریلو تشدد یا کسی جنسی حملے سے ہو۔


نیو جرسی کے شہر ٹرینٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اسٹیٹ سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے چیف جسٹس سٹوارٹ ریبنر کی سربراہی میں اس حوالے سے اپنے متفقہ فیصلے میں لکھا، ''جج جان رُوسو جونیئر متعدد مرتبہ بہت سنجیدہ نوعیت کے غلط رویے کے مرتکب ہوئے۔ ان کے بہت متنازعہ کلمات کے بعد یہ بات ناقابل تصور ہے کہ وہ آئندہ گھریلو تشدد یا جنسی حملوں سے متعلق کسی بھی مقدمے کی سماعت کریں۔‘‘

سماعت کے دوران متنازعہ سوال اور پھر مذاق


عدالتی ریکارڈ کے مطابق جج رُوسو جونیئر نے بعد ازاں اپنے ان الفاظ پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا اور اس امر پر پچھتاوے کا اظہار بھی کہ عدالتی کارروائی کے دوران ان کلمات کے بعد انہوں نے اسی بارے میں ماتحت عدالتی عملے کے ساتھ گفتگو میں مذاق بھی کیے تھے۔ جج رُوسو جونیئر گزشتہ کئی مہینوں سے بغیر تنخواہ کے معطل ہیں۔

جج رُوسو جونیئر کے خلاف کارروائی کی وجہ بننے والا واقعہ 2016ء میں پیش آیا تھا۔ متعلقہ خاتون نے عدالت سے کہا تھا کہ وہ اس ملزم کو اس خاتون کے قریب آنے سے قانونی طور پر منع کر دے، جو خاتون کے بقول اس پر جنسی حملے کا مرتکب ہوا تھا۔


عدالتی کارروائی کے دستاویزی ریکارڈ کے مطابق جب درخواست دہندہ خاتون عدالت کو اپنے خلاف جنسی حملے کی تفصیل بتا رہی تھی، تو جج رُوسو نے اس سے پوچھا تھا، ''کیا آپ جانتی ہیں کہ آپ کسی کو اپنے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے سے کیسے روک سکتی ہیں؟‘‘

اس پر خاتون نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک طریقہ موقع سے فرار ہو جانا بھی ہے۔ تاہم اس پر جج رُوسو نے یہ بھی کہہ دیا تھا، ''اپنی ٹانگیں بند کر لیں؟ پولیس کو فون کریں؟ کیا آپ نے ان میں سے کوئی بھی کام کیا تھا؟‘‘


'عدالتی منصب کے لیے نااہل‘

نیو جرسی کی عدالتی ضابطہ اخلاق سے متعلق ریاستی کمیٹی کے مطابق مختلف واقعات میں کم از کم چار مرتبہ عدالت میں غلط رویے کے مرتکب جج رُوسو نے بعد ازاں یہ تسلیم کر لیا تھا کہ اپنے اس بیان کے ساتھ وہ غلطی کے مرتکب ہوئے تھے۔ تاہم اس کمیٹی کے مطابق، ''جو کچھ انہوں نے کیا اور جس اخلاقی مرتبے کے فقدان کا انہوں نے مظاہرہ کیا، اس کے بعد وہ اس قابل نہیں ہیں کہ وہ اپنے عدالتی منصب پر فائز رہتے ہوئے فرائض انجام دے سکیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔