دنیا کے عمردراز ترین شخص کین ٹناکا کی 119برس میں موت ہوگئی
ایک جاپانی خاتون، جن کے متعلق سمجھا جاتا تھا کہ وہ دنیا کی عمر دراز ترین شخص ہیں،کی 119برس کی عمر میں موت ہوگئی۔ کین ٹناکا کی پیدائش 2جنوری 1903کو ہوئی تھی، انہوں نے پانچ جاپانی حکمرانوں کا دور دیکھا۔
جنوب مغربی جاپان کے فوکوواکا کی مقامی حکومت نے کہا کہ کین ٹناکا 19اپریل کو 119برس کی عمر میں وفات پاگئیں۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ٹناکا کو دنیا کی عمردراز ترین زندہ شخص قرار دیا تھا اور ان کی وفات پر ایک ٹوئٹ کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ٹناکا کی درازی عمر کا راز: جلد سونا، جلد جاگنا، اچھا کھانا اور مصروف رہنا
تنظیم کے مطابق ٹناکادنیا میں معلوم سب سے طویل عمر تک زندہ رہنے والی دوسری شخصیت تھی۔ان سے قبل ژیاں کلیمنٹ نے سب سے زیادہ 122برس کی عمر پائی تھی، تاہم یہ دعویٰ متنازع ہے۔
ٹناکا کی پیدائش 2جنوری 1903کو ہوئی۔ یہ وہی سال تھا جب رائٹ برادران نے اپنی پہلی کامیاب پرواز کی تھی۔ ٹناکا کی شادی 19برس کی عمر میں ہوئی۔ ان کے چار بچے ہوئے اور انہوں نے ایک پانچویں بچے کو گود لیا۔
1937میں ٹناکا کے سب سے بڑے بیٹے اور شوہر نے چین کے ساتھ جنگ میں حصہ لیاجب کہ وہ گھر پر ہی رہیں اور اپنی گزر بسر کے لیے نوڈلز فروخت کیے۔ دو عالمی جنگوں کے علاوہ 1918کے فلو کی وبا اور کورونا وائرس کی وبا کے باوجود بھی ٹناکا صحت اور تندرستی کے ساتھ زندگی گزارتی رہیں۔
ٹناکا کا کہنا تھا کہ ذائقے دار کھانے اور مطالعہ ان کی طویل العمری کے راز ہیں۔ اس کے علاوہ وہ رات کو نو بجے بستر پر چلی جاتی ہیں اور صبح چھ بجے اٹھ جاتی ہیں۔ ان کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ وہ ریاضی اور خطاطی کی مشق روزانہ کرتی تھیں جس سے خود کو منظم رکھنے میں انہیں مدد ملتی تھی۔
طویل العمری پر تحقیقات کرنے والے ادارے گیرونٹولوجی ریسرچ گروپ کے مطابق فرانس کی راہبہ سسٹر آندرے اب اس دھرتی پر رہنے والی دنیا کی سب سے زیادہ عمر والی شخصیت بن گئی ہیں۔ ان کی عمر 118برس اور 73دن ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔