پوٹن نے مجھے قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، بورس جانسن

بی بی سی کی جانب سے پیر کے روز نشر ہونے والی ایک نئی دستاویزی فلم کے مطابق بورس جانسن کو یہ دھمکی 24 فروری کو یوکرین پر روسی حملے سے کچھ پہلے دی گئی تھی۔

پوٹن نے مجھے قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، بورس جانسن
پوٹن نے مجھے قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، بورس جانسن
user

Dw

سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن یوکرینی صدر کی سب سے زیادہ حمایت کرنے والے مغربی رہنماوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فورسز کو یوکرین میں داخل ہونے کا حکم دینے سے کچھ قبل روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے انہیں ذاتی طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا دینے کی دھمکی دی تھی۔

پیر کو نشر ہونے والی بی بی سی کی ایک نئی دستاویزی فلم کے مطابق یہ واضح خطرہ 24 فروری کو حملے سے عین قبل ایک فون کال کے ذریعہ سامنے آیا تھا۔ بورس جانسن اور دیگر مغربی رہنما اس وقت یوکرین کے ساتھ حمایت ظاہر کرنے اور روسی حملے کو روکنے کی کوشش میں جلد ی میں کییف جارہے تھے۔


جانسن نے پوٹن کے حوالے سے کہا، "انہوں نے ایک موقع پر مجھے دھمکی دی اور کہا، بورس میں آپ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، لیکن ایک میزائل یا اس طرح کی کوئی چیز، کے پہنچنے میں صرف ایک منٹ لگے گا۔" جانسن یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسیکی کے سب سے اہم مغربی حامیوں میں ایک کے طورپر ابھرے ہیں۔

بورس جانسن نے اور کیا کہا؟

تاہم جانسن کا کہنا تھا کہ روسی حملے سے قبل وہ پوٹن کو یہ بتانا چاہتے تھے کہ یوکرین کے نیٹو میں شامل ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اور انہیں یہ بھی متنبہ کرنا چاہتے تھے کہ کسی بھی فوجی کارروائی کا مطلب ہوگا کہ روس کی سرحدوں پر نیٹو کی کم نہیں بلکہ پہلے سے زیادہ نیٹو کی موجودگی۔


جانسن کے مطابق پوٹن نے کہا،"بورس آپ کہتے ہیں کہ یوکرین عنقریب نیٹو میں شامل نہیں ہوگا۔" انہوں نے کہا، "عنقریب سے کیا مراد ہے؟ " اس پر میں نے کہا، "اچھا یہ مستقبل قریب میں نیٹو میں شامل نہیں ہونے والا ہے اور آپ بھی یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں۔"

میزائل کا نشانہ بنائے جانے کے خطرے کے بارے میں بورس جانسن کا مزید کہنا تھا، "میں سمجھتا ہوں وہ بہت پرسکون لہجے میں بات کر رہے تھے اور مجھ سے لاتعلقی ظاہر کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ وہ صرف میرے ساتھ کھیل رہے تھے۔


یوکرینی صدر زیلنسکی بھی ڈاکیومنٹری میں

بی بی سی کی دستاویزی فلم یوکرین پر فوجی کارروائی سے قبل روسی صدر اور مغرب کے درمیان برسوں سے بڑھتی ہوئی دوری کو پیش کرتی ہے۔ اس میں یوکرینی صدر زیلنسیکی کو بھی دکھایا گیا ہے جو روس کے حملے سے قبل نیٹو میں شامل ہونے کے اپنی ناکام کوششوں کو بیان کرتے ہیں۔

زیلنسکی کہتے ہیں، "اگر آپ جانتے ہیں کہ کل روس یوکرین پر قبضہ کرلے لگا تو آپ مجھے آج کچھ کیوں نہیں دیتے تاکہ میں اس سے انہیں روک سکوں۔" یوکرینی صدر کہتے ہیں،"اگر آپ مجھے نہیں دے سکتے تو خود ہی روک دیجئے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔