کولون میں ایل جی بی ٹی پلس پریڈ، حاضرین ایک ملین سے زائد
جرمن شہر کولون ميں نو جولائی کے روز ايل جی بی ٹی پلس کميونٹی کا ايک بہت بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ منتظمین کے مطابق اس میں ایک ملین سے زائد افراد شريک ہوئے تاکہ اس کميونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔
جرمن شہر کولون ميں ہم جنس پسند مردوں، خواتين، انٹرسيکس، کويئر اور ٹرانس جينڈر کميونٹی (LGBTIQ) کی یہ پریڈ کرسٹوفر اسٹريٹ ڈے کے موقع پر منعقد ہوئی۔ اتوار کے دن اس بہت بڑے ايونٹ کو ديکھنے کے ليےدس لاکھ سے زائد افراد کولون شہر کے اندرونی حصے کی سڑکوں پر رہے۔ جرمن صوبے نارتھ رائن ويسٹ فيليا کے شہر کولون ميں ہونے والی اس پريڈ کا شمار یورپ بھر میں اس طرز کے سب سے بڑے اجتماعات میں ہوتا ہے۔
امسال پريڈ کے لیے 220 سے زائد گروپوں نے شرکت کے ليے اپنا باقاعدہ اندراج کرا رکھا تھا۔ ہے۔ اس پریڈ میں شہر کے مرکز ميں تقريباً ساٹھ ہزار شرکاء ايک جلوس کی شکل ميں 4.3 کلوميٹر لمبے راستے پر مارچ کرتے رہے۔ اس سال کی 'کرسٹوفر اسٹريٹ ڈے‘ کی تقريبات کا ماٹو ہے، ''انسانی حقوق کے ليے: بہت سے۔ ايک ساتھ۔ طاقت ور۔‘‘
'کرسٹوفر اسٹريٹ ڈے‘ کيا ہے؟
'کرسٹوفر اسٹريٹ‘ کی اصطلاح دراصل امريکی شہر نيو يارک ميں اس مقام کے ليے استعمال کی جاتی ہے، جہاں مقامی ہم جنس پسندوں کی پسندیدہ 'اسٹون وال ان‘ نامی بار پر سن 1969ء ميں پوليس نے چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی کے رد عمل ميں ہم جنس پسند کميونٹی کی ايک باقاعدہ احتجاجی تحريک شروع ہو گئی تھی۔ معاشرتی اور قانونی سطح پر امتيازی رويوں اور پاليسيوں کی مخالفت ميں شروع ہونے والی اس وسيع تر تحريک کو دنيا بھر ميں ہم جنس پسند اور ديگر حساس برادریوں کی حقوق کی جدوجہد ميں ايک اہم موڑ کے طور پر ديکھا جاتا ہے۔
کولون میں سن 2023 کی 'کرسٹوفر اسٹريٹ ڈے‘ کی تقريبات ميں شريک دس لاکھ سے زائد انسانوں ميں سے ہر کسی کا تعلق LGBTIQ کمیونٹی سے نہيں۔ مگر ان کی شرکت کا مقصد یہ ہے کہ ہم جنس پسند مردوں، خواتين، انٹرسيکس، کويئر اور ٹرانس جينڈر برادریوں کو درپیش مسائل کے بارے ميں آگہی پھيلائی جائے تاکہ ان مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔
آج منعقد ہونے والی مختلف تقریبات سے جرمنی کے چند نامور سياست دان بھی خطاب کر رہے ہیں، جن میں وفاقی وزير صحت کارل لاؤٹرباخ بھی شامل ہیں۔ اس پریڈ کے شرکاء کی حفاظت کو يقينی بنانے کے ليے پوليس کی بھاری نفری تعينات کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔