بھارت: ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو اب بھجن سنایا جائے گا
مشرقی ریاست اوڈیشہ میں ایک سرکاری ہسپتال کے حکام نے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج مریضوں کو میوزک تھیراپی اور سکون فراہم کرنے کے لیے 'روحانی بھجن' سنانے کی سفارش کی ہے۔
بھارتی میڈیا میں شائع رپورٹوں کے مطابق مشرقی ریاست اوڈیشہ کے کٹک ضلعے میں ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال کے تمام آئی سی یوز میں ڈاکٹروں کی مدد کے لیے اب زیر علاج مریضوں کو "روحانی بھجن" سنائے جائیں گے۔ ہندو دیوی دیوتاوں کی تعریف میں گائے جانے والے نغموں کو بھجن کہتے ہیں۔
ہسپتال کے ماہرین صحت کا اصرار ہے کہ عقیدت مند گیت یعنی بھجن کے موسیقی ورژن انتہائی نازک حالت والے مریضوں کے لیے "بہت موثر" ہوں گے۔ اس لیے ایس سی بی میڈیکل کالج کے حکام نے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت والی تمام یونٹوں میں میوزک تھیراپی کے طور پر روحانی بھجن بجانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہسپتال کے حکام نے بدھ کے روز یہ فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ بھجن سے روحانی اور مثبت ماحول پیدا ہوگا اور اس سے مریض کے شفا یاب ہونے کی رفتار تیز ہو جائے گی۔
میوزک تھیراپی کے موثر ہونے کا دعویٰ
ایس سی بی میڈیکل کالج ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ابیناش راوت کا کہنا تھا کہ،"اگر ہم آئی سی یو کے اندر سازو ں پر کچھ موسیقی بجا سکتے ہیں تو اس پرسکون آواز سے شفایابی میں مدد ملے گی۔ تجویز پر غورو خوض کرنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہسپتال کے تمام آئی سی یوز کے اندر موسیقی بجائے جائیں گے۔ اس پر جلد ہی عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری طریقہ کار کے مطابق میوزک تھیراپی فراہم کرنے کی ذمہ داری نجی فرموں کو تفویض کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔ بھارت میں ہسپتالوں میں میوز ک تھیراپی کے استعمال کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ سن 2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے پہلے دور کے دوران گجرات کے ودودرا (بڑودہ) میں سر سیاجی راو جنرل ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے حصے کے طورپر میوزک تھیراپی اور لافٹر تھیراپی استعمال کیے گئے تھے۔
میڈیکل جرنل لانسیٹ کی ایک تحقیق کے مطابق ڈپریشن بڑی عمر کے بالغ افراد کی ایک عام ذہنی صحت کی حالت ہے۔ ڈپریشن میں میوزک تھیراپی کو ایک حد تک موثر پایا گیا ہے۔ لیکن دیگر بیماریوں میں اس کے اثرات ابھی واضح نہیں ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔