امریکہ: بلیک ہاک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، دو فوجی ہلاک
امریکہ کی جنوبی ریاست الباما میں ایک شاہراہ کے قریب فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر بدھ کے روز حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے میں نیشنل گارڈ کے دو جوان ہلاک ہو گئے۔
ٹینیسی نیشنل گارڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کا ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر ہنٹس ویلے شہر میں ہارویسٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا کہ ایک سڑک کے نزدیک گر گیا۔
ٹینیسی نیشنل گارڈ نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد جائے حادثہ پر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جبکہ ہیلی کاپٹر پر سوار دونوں فوجی ہلاک ہو گئے۔ ہارویسٹ ہنٹس ویلے کے شمال مغرب میں ہے،جہاں ناسا کا مارشل اسپیس فلائٹ سینٹر واقع ہے۔ یہاں امریکی فوج کے ہتھیاروں کا ایک ذخیرہ بھی موجود ہے۔
نیشنل گارڈ ریاستی ملٹری فورس ہے جو امریکی ریزرو فورسز کا حصہ ہے اور بوقت ضرورت اسے وفاقی مشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اظہار تعزیت
ٹینیسی ملٹری فورسز کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل وارنر روس نے ایک بیان میں کہا، "ہمیں ٹینیسی نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کی موت پر انتہائی افسوس ہے۔ اس دلدوز سانحے پر ہماری دعائیں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔" بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے میں کوئی دیگر سویلین یا فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔
میڈیسن کاونٹی کے رکن پارلیمان ڈیل اسٹرونگ نے ٹویٹ کرکے اس حادثے کی تصدیق کی اور متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں الباما کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی نے بتایا تھا کہ یو ایچ 60 ہیلی کاپٹر، جو بلیک ہاک کے نام سے معروف ہے، حادثے کا شکار ہو گیا۔
بلیک ہاک حادثے کا شکار ہوتے رہے ہیں
گزشتہ برسوں میں تربیتی پروازوں کے دوران بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کے کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ سن 2022 میں اوٹاہ میں خراب موسم کی وجہ سے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ زیر تربیت پائلٹ ہیلی کاپٹر کو اتارنے کی کوشش کررہا تھا لیکن زبردست دھند کی وجہ سے اسے صاف طور پر کچھ دکھائی نہیں دیا اور اس کا ہیلی کاپٹرایک دوسرے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ تاہم اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔
سن 2021میں اداہو آرمی نیشنل گارڈ کے تین پائلٹ اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر بوائس کے نزدیک تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ سن 2020 میں بھی جنوبی کیلفورنیا کے ساحل کے قریب تربیتی مشق کے دوران ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس میں دو فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔