بھارت: وزیراعلیٰ کو ٹھنڈی چائے کیوں پیش کی؟ افسرکو وجہ بتاؤ نوٹس جاری
وجہ بتاو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو ٹھنڈی چائے پیش کرنے سے پروٹوکول کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ مذکورہ افسرسے کہا گیا کہ وہ تین دن کے اندر وجہ بتائیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مدھیہ پردیش کے ایک جونیئر سپلائی افسر(جے ایس او) کو ریاستی وزیراعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کو ٹھنڈی چائے پیش کرنے کی پاداش میں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ چوہان بلدیاتی انتخابات کے انتخابی مہم کے دوران کھجوراہو ہوائی اڈے کے وی آئی پی لانج میں کچھ دیر کے لیے ٹھہرے تھے جہاں انہیں ناشتہ اور چائے پیش کیا جانا تھا لیکن یہاں ''گڑبڑی‘‘ ہو گئی اور جے ایس او راکیش کانوہا کی تنبیہی نوٹس جاری کر دیا گیا۔
نوٹس میں کیا کہا گیا ہے؟
وجہ بتاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جے ایس او کو کھجوراہو ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو چائے اور ناشتہ فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی طرف سے جاری وجہ بتاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے،''آپ کو چائے اور ناشتے کا انتظام کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن وزیراعلیٰ کو جو چائے پیش کی گئی اس کا نہ صرف معیار خراب تھا بلکہ وہ ٹھنڈی بھی تھی۔۔۔ یہ وی آئی پی ڈیوٹی کے حوالے سے پروٹوکول کی خلاف ورزی ہے۔‘‘
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس گڑبڑ کی وجہ سے ضلع انتظامیہ کو سبکی اٹھانی پڑی۔ نوٹس میں مذکورہ جے ایس او سے یہ وضاحت کرنے کے لیے کہا گیا ہے کہ آخر ان کے خلاف سخت کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ انہیں تین دنوں کے اندر اپنا جواب دینے کا حکم دیا گیا ہے، ''بصورت دیگر آپ کے خلاف یک طرفہ کارروائی کی جائے گی۔‘‘
فیصلے پر سخت نکتہ چینی
جے ایس او کو وجہ بتاؤ نوٹس وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر اس کے خلاف ایک زبردست مہم شروع ہوگئی۔ عوامی ناراضی اتنی زیادہ بڑھ گئی کہ انتظامیہ کو نوٹس واپس لینا پڑا۔
ضلع کلکٹر نے نوٹس کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ''وزیراعلیٰ نے اس معاملے میں کوئی شکایت نہیں کی ہے۔ لہذا ایس ڈی ایم کو نوٹس منسوخ کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔‘‘
ریاست کی اپوزیشن کانگریس پارٹی بھی اس معاملے میں کود پڑی۔ پارٹی کے ترجمان نریندر سلوجہ نے کہا، ''لوگوں کو راشن نہیں مل پا رہا ہے اور نہ ہی انہیں مریضوں کو ہسپتال لے جانے کے لیے ایمبولنس ملتی ہے لیکن وزیراعلیٰ ہیں کہ وہ ٹھنڈی چائے نہیں پی سکتے۔‘‘
حکمراں بی جے پی بیک فٹ پر
ٹھنڈی چائے کے تنازعے کا معاملہ گرم ہونے کے بعد بی جے پی دفاعی پوزیشن میں آ گئی۔ بی جے پی نے ایک بیان میں کہا کہ ایس ڈی ایم نے دراصل جے ایس او سے ذاتی ناراضگی کے سبب انہیں نوٹس دیا تھا۔
بی جے پی کے ریاستی یونٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا، ''جس افسر نے نوٹس جاری کیا اسے یہ جان لینا چاہیے کہ اس طرح کی حرکتیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ یہ ممکن نہیں کہ اپنی سادگی کے لیے مشہور وزیراعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان چائے کے بارے میں شکایت کریں گے۔‘‘
خیال رہے کہ اسی طرح کا ایک تنازعہ فروری 2021 میں بھی سامنے آیا تھا جب ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس میں، جہاں وزیراعلیٰ چوہان قیام پذیر تھے، کے کمرے میں مچھر پائے جانے پر ایک افسر کو معطل کر دیا گیا تھا۔
کانگریس نے تازہ واقعے پر طنز کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا، ''مہاراجہ شیو راج کی آؤ بھگت کرنے میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں ایک افسر کو ایس ڈی ایم کی طرف سے نوٹس مل گیا۔ بادشاہت کا دور تو ماضی کی بات ہوچکی ہے لیکن کچھ لوگوں کی انا پسندی کی پرانی عادت ابھی تک ختم نہیں ہوئی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔