پاکستان: درہ آدم خیل میں دو قبائل کے درمیان جھگڑے میں 16 افراد ہلاک
پولیس کے مطابق علاقے کے سنی خیل اور اخوروال خیل قبائل کے درمیان پہاڑ کی تقسیم کے حوالے سے دیرینہ تنازعہ ہے، جس پر خونریز لڑائی ہوئی۔ اس میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل میں پیر کے روز شام کو دو قبائل کے درمیان ہونے والے پرتشدد تصادم کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ پشاور سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں گیارہ افراد کا تعلق کندی سنی خیل قبیلے سے ہے، جب کہ تین کا تعلق اخوروال قبیلے سے بتایا گیا ہے۔ تمام 12 زخمیوں کا تعلق بھی سنی خیل قبیلے سے ہے۔
دونوں قبائل کے درمیان حد برابری یا علاقے کی تقسیم کے حوالے سے دیرینہ تنازعہ ہے، جس پر شام کے تقریبا ًپانچ بجے لڑائی شروع ہو گئی اور پہاڑوں میں بسنے والے حریف قبائلیوں نے بھاری ہتھیاروں سے ایک دوسرے پر حملہ کر دیا۔ دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی جس کی وجہ سے اتنی تعداد میں لوگ ہلاک ہوگئے۔
خونریز ہنگامہ آرائی کو روکنے اور قبائلیوں کو پہاڑوں سے نیچے اتارنے کے لیے فوج کو طلب کیا گیا، تب جا کر تصادم پر قابو پایا جا سکا۔ دونوں قبیلے پہاڑ کے چار میل کے اس رقبے پر کافی دنوں سے لڑتے رہے ہیں، جس کے نیچے کوئلے کی کانیں ہیں اور اس پر فی الوقت اخوروال قبیلے کا قبضہ ہے۔
لاشوں اور زخمیوں کو پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم زخمیوں کی صحیح تعداد کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں جانب کے لوگ ہلاک ہوئے۔ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تاہم درہ آدم خیل انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ قبائلی قانون کو تسلیم نہیں کرتے اور اپنے تنازعات کو جرگے کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
سنی خیل اور اخوروال قبائل سن 2019 سے ہی کوئلے کی کانوں پر تجاوزات کے حوالے سے ایک پرتشدد جھگڑے میں ملوث رہے ہیں اور تازہ واقعہ اسی دشمنی اور تنازعے کا ایک تسلسل ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اخوروال قبائل اپنے آباؤ اجداد کی حد بندی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے رہے ہیں اور جو نئے جبری قبضے کیے ہیں اسے وہ قانونی قرار دیتے ہیں۔ حکام کے مطابق وہ مقبوضہ علاقوں کو خالی کرنے سے انکار کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل رواں برس فروری میں بھی دونوں میں فائرنگ ہوئی تھی، جس کے بعد یہ تنازعہ ان بزرگوں کے حوالے کیا گیا تھا، جنہوں نے دشمنی ختم کرنے کے لیے بفر زون قائم کیا تھا۔ تاہم دونوں میں 12 مئی کو ایک بار پھر سے اس وقت لڑائی شروع ہو گئی، جب اخوروال قبیلے نے بفر زون کی خلاف ورزی کی۔
بعض قبائل اس جھگڑے کے طول پکڑنے میں انتظامیہ کی کمزوری کو بھی ذمہ دار مانتے ہیں اور کہتے ہیں کہ حکام اس خونی جھگڑے کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فوج نے معاملے کو حل کرنے کے لیے دونوں اطراف کے بزرگوں کو بلایا تھا، جبکہ کوہاٹ پولیس اور درہ آدم خیل کے اسسٹنٹ کمشنر کی ثالثی میں بھی در پردہ بات چیت بھی چل رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔