داعش کے حملے میں 15 فوجی اور تین سویلین ہلاک

غیر مستحکم ساحل ریاست ایک عرصے سے القاعدہ اور داعش کے جنگجووں کے نشانے پر ہے۔ بدھ کے روزجنوب مغربی مالی میں اسلام پسند جنگجوؤں کے دو مربوط حملوں میں 15 فوجی اور تین سویلین مارے گئے۔

مالی: داعش کے حملے میں 15 فوجی اور تین سویلین ہلاک
مالی: داعش کے حملے میں 15 فوجی اور تین سویلین ہلاک
user

Dw

پچھلے ایک ہفتے کے دوران القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کا یہ تیسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے جمعے کے روز دارالحکومت بماکو کے باہر مالی کے سب سے اہم فوجی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے دو کار بم دھماکے کیے تھے۔ اس سے ایک روز قبل ہی انہوں نے سلسلہ وار کئی حملے کیے تھے۔

مالی کی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز کیے گئے اس مربوط حملے میں تین فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سونکولو کے فوجی کیمپ پر ہونے والے حملے میں چھ فوجی جوان ہلاک اور 25 دیگر زخمی ہوگئے۔ ان میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔


کالومبا میں ایک فوجی کیمپ پر علی الصبح ہونے والے حملے میں نو فوجی اور تین سویلین مارے گئے۔ تیسرا حملہ وسطی قصبے موپتی میں ایک فوجی کیمپ پر ہوا۔ تاہم وہاں سے فی الحال کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ سونکولو میں تصادم کے دوران 48 جنگجو مارے گئے۔

مالی مسلسل حملوں کی زد میں

غیر مستحکم ساحل ریاست ایک عرصے سے القاعدہ اور داعش سے وابستہ جنگجووں کے نشانے پر رہی ہے۔ یہ جنگجو ملک بھر میں واقع فوجی اڈوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔


القاعدہ سے وابستہ تنظیم 'مسینا کٹیبا آف امادو کوفہ' کے جنگجووں نے جون میں بنکاس علاقے میں حملہ کر کے 132 شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

مالی کی فوج نے، روسی ماہرین کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے، حالیہ مہینوں میں جہاد مخالف سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔


ملک میں ابتر ہوتی سکیورٹی کی صورت حال کے باوجود فوجی جنٹا نے فرانس اور اپنے بین الاقوامی شراکت داروں سے منہ موڑ لیا ہے۔ اس کے بجائے، اسلام پسندوں سے لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے، روس کی جانب اس کا جھکاو بڑھ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔