ایپل کا ’آئی فون 14‘ سات ستمبر کو متعارف کرانے کا اعلان

نئے آئی فونز مصروف موسم خزاں کا آغاز کریں گے جس میں متعدد نئے میکس، کم قیمت اور بیش قیمت آئی پیڈز اور ایپل واچز کے تین نئے ماڈل بھی شامل ہوں گے

آئی فون کی علامتی تصویر
آئی فون کی علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

امریکہ کی بڑی ٹیکنالوجی فرم ایپل نے اپنا نیا ’آئی فون‘ (آئی فون 14) 7 ستمبر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نئے آئی فونز مصروف موسم خزاں کا آغاز کریں گے جس میں متعدد نئے میکس، کم قیمت اور بیش قیمت آئی پیڈز اور ایپل واچز کے تین نئے ماڈل بھی شامل ہوں گے۔

ایپل ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیے ایک غیر یقینی صورت حال میں اپنی فلیگ شپ مصنوعات کی جدید شکلیں متعارف کرارہی ہے۔ البتہ اس نے غیرمتزلزل معیشت میں اپنی معاصر کمپنیوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ آئی فون گذشتہ سہ ماہی میں نمایاں فروخت ہوا ہے اور کمپنی نے سپلائرز کو اشارہ دیا ہے کہ اس کی طلب میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔


کمپنی اس تقریب کو آن لائن اسٹریم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بجائے اس کے کہ وہ لوگوں کا اجتماع منعقد کرے، وہ کورونا وائرس کی وبا کے آغاز میں اپنائی گئی حکمتِ عملی کو جاری رکھے گی۔ بلوم برگ نیوز نے خبر دی ہے کہ ایپل کے ملازمین نے گذشتہ چند ہفتہ کے دوران میں نئی مصنوعات کی پیش کاری کے پروگرام کی ریکارڈنگ شروع کر دی ہے۔

کمپنی نے جون میں اپنی گذشتہ تقریب منعقد کی تھی۔ اس میں اس نے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے اگلے سیٹ آئی او ایس 16، آئی پی اے ڈی او ایس 16، واچ او ایس 9 اور میک او ایس وینٹورا کا اعلان کیا تھا اور پریس اور ڈویلپرز کو پیش کش کی ویڈیو دیکھنے کے لیے اپنے کیمپس میں مدعو کیا تھا۔

پیر کو کمپنی نے اپنے کارپوریٹ عملہ کو بتایا کہ انھیں مصنوعات کے طے شدہ اعلان سے دو دن قبل 5 ستمبرسے ہفتے میں تین دن ذاتی طور پر کام کرنا ہوگا۔

نیا معیاری آئی فون 14 آئی فون 13 کی طرح نظر آئے گا، اگرچہ کمپنی 5.4 انچ منی ورژن کو ختم کرے گی اور 6.7 انچ سکرین کے ساتھ ایک ماڈل شامل کرے گی۔ نیز ایپل پہلی مرتبہ اس سائز کے ڈسپلے کے ساتھ ایک غیر پرو آئی فون لانچ کرے گی۔


کمپنی آئی فون 14 پرو لائن کے لیے بڑی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ایپل فرنٹ فیسنگ کیمرے کے کٹ آؤٹ کی جگہ لے گا۔ اسے نوچ کے نام سے جانا جاتا ہے، فیس آئی ڈی سینسرز کے لیے گولی کی شکل کا سوراخ اور کیمرے کے لیے ہول پنچ سائز کی جگہ ہوگی۔ اس سے صارفین کو قدرے بڑی سکرین ملے گی۔ کمپنی آئی فون 14 پرو میں تیز رفتار چپ بھی شامل کر رہی ہے۔ایپل آئی فون 14 کے ماڈلز میں آئی فون 13 والی اے 15 چپ برقرار رکھے گی۔

آئی فون 14 پرو میں سب سے اہم تبدیلیاں کیمرا سسٹم میں ہوں گی، جو صارفین کو قدرے بڑا نظر آئے گا۔ پرو ماڈلز کو 12 میگا پکسل الٹرا وائڈ اور ٹیلی فوٹو سینسرزکے ساتھ 48 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل کیمرا ملے گا۔ ایپل ویڈیو ریکارڈنگ اور بیٹری کی میعاد میں بہتری کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔


سیریز 8 کے نام سے مشہورتازہ ترین ایپل واچز کے لیے ایپل خواتین کی صحت کے لیے فیچرز اور باڈی درجہ حرارت سینسر شامل کرے گی۔نئی معیاری گھڑی سیریز7 کی طرح نظر آئے گی، لیکن ایک نیا پرو ماڈل بھی اس کے بعد متعارف کرائے گی۔ اس میں ایک بڑا ڈسپلے،نئی فٹنس ٹریکنگ فیچرز اور بیٹری زیادہ وقت نکالنے والی ہوگی۔کمپنی تیزرفتار چپ کے ساتھ اپنی کم قیمت اسمارٹ واچ ایپل واچ ایس ای کی نئی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ ستمبرمیں کمپنی بعض اور مصنوعات بھی متعارف کرارہی ہے ان میں : آئی او ایس 16, سافٹ ویئر ہے جو اگلے آئی فونز پر چلے گا, اور واچ او ایس 9, اگلا ایپل واچ آپریٹنگ سسٹم اور کمپنی آئی پیڈ او ایس، آئی پیڈ کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ اکتوبر میں میک او ایس وینٹورا لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مؤخرالذکرسافٹ ویئربعض فنی نقائص کی وجہ سے قریباً ایک ماہ تاخیرکا شکار ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔