صدی کا طویل ترین مکمل چاند گہن آج، جانیے کیا ہے چاند گہن؟
چاند گہن کے وقت زمین سورج اور چاند کے بیچ اس طرح آ جاتی ہے کہ زمین کا سایہ چاند کو چھپا دیتا ہے۔ جب چاند پوری طرح چھپ جائے تو اسے مکمل چاند گہن کہتے ہیں۔ آج صدی کا طویل ترین مکمل چاند گہن ہے۔
سال 2018 کا آج دوسرا مکمل چاند گہن ہے جوکہ ہندوستان کے ساتھ دنیا کے کئی ممالک میں نظر آئے گا۔ چاند گہن کی شروعات آ ج رات 10.44 پر ہوگی جبکہ رات کے 11.54 پر زمین کا سایہ چاند کوچھو لے گا ، اس کے بعد جذوی چاند گہن کا آغاز ہو جائے گا۔ یہ گہن کا ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے جس کے دوران زمین کا سایہ چاند کو ڈھکنا شروع کر دیتا ہے۔ اس صورت حال میں چاند کٹا ہوا معلوم نہیں دیتا بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ کوئی گہرا سایہ چاند کو اپنی آغوش میں لیتا جا رہا ہے۔
چاند گہن اس وقت ہوتا ہے جب سورج اور چاند کے بیچ زمین اس طرح آ جاتی ہے کہ زمین کا سایہ چاند کو پوری طرح جذوی طور پر چھپا دیتا ہے۔ اس صورت حال میں سورج کی کرنیں چاند تک نہیں پہنچ پاتی لہذا اس حصہ میں چاند گہن نظر آنے لگتا ہے۔
رات گیارہ بجے کے بعد سے زمین کا سایہ رفتہ رفتہ چاند کو گرفت میں لینے لگے گا اور اس کے بعد رات ایک بجے چاند پوری طرح ڈھک جائے گا۔ یہاں سے مکمل چاند گہن شروع ہوگا ، جوکہ 2.43 بجے تک چلے گا۔ اس کے بعد زمین کا سایہ رفتہ رفتہ چاند سے علیحدہ ہونے لگے گا اور پھر سے جذوی چاند گہن نظر آنے لگے گا۔ اس مرحلہ میں چاند کا ایک حصہ کٹا ہوا نظر آتا ہے۔
صبح 3.49 پر جذوی چاند گہن بھی ختم ہو جائے گا اور مکمل چاند نظر آنے لگے گا جبکہ صبح 4.58 منٹ تک چاند پر ایک ہلکہ سایہ نظر آتا رہے گا۔ اس کے بعد چاند اس ہلکے سایہ سے بھی پوری طرح آزاد ہو جائے گا۔
اس سال کا یہ دوسرا چاند گہن آسٹریلیا، ایشیا، افریقہ، یورپ اور جنوبی امریکہ کے بیشتر علاقوں میں نظر آئے گا۔ امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو میں یہ گہن بالکل بھی نظر نہیں آئے گا۔ روس کے شمال مغربی بڑے حصہ میں بھی یہ گہن نظر نہیں آئے گا۔
چاند گہن کی کل مدت 103 منٹ کی ہوگی اور یہ دنیا بھر میں بیک وقت نظر آئے گا۔ ہندوستان میں چاند گہن کے شروع ہونے سے لے کر ختم ہونے تک چاند آسمان پر موجود رہے گا اس لئے یہاں یہ نظارہ شاندار ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jul 2018, 4:34 PM