سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

پیں ہیں سال 2019 کے لیے 100 بہترین ایجادات کی فہرست میں سے 10 ایسی ایجادات جو ہماری روز مرہ زندگی کے لیے اہم ترین ہیں:

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

معروف امریکی جریدہ ’ٹائم‘ ہر سال اُن بہترین ایجادات پر روشنی ڈالتا ہے جو دنیا کو بہتر اور زندگی کو دل چسپ بنانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ پیں ہیں سال 2019 کے لیے 100 بہترین ایجادات کی فہرست میں سے 10 ایسی ایجادات جو ہماری روز مرہ زندگی کے لیے اہم ترین ہیں:

 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

بولنے والا آلہِ سماعت

یہ جدید آلہ سماعت آواز کو بلند کرنے کے ساتھ اس کے اطراف کے شور کو کم کرتا ہے۔ آلے کے ساتھ ایک سینسر بھی فراہم کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت کے تحت کام کرتے ہوئے سوالات کا زبانی جواب بھی دیتا ہے۔ مثلا اسمارٹ اسسٹننٹ اور غیر ملکی زبانوں سے اپنی زبان میں ترجمہ وغیرہ۔ اسی طرح یہ آلہ سماعت بڑ عمر کے افراد کی حفاظت کا بھی خیال رکھتا ہے۔ مثلا اس آلے کو لگانے والے شخص کے گر جانے یا کسی ہنگامی طبی مسئلے کے پیش آنے کی صورت میں یہ آلہ انتباہی پیغام بھی ارسال کرتا ہے۔


 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

بولتی عینک

جن لوگوں کو بصری مشکلات کا سامنا ہے ، ایسے افراد کے لیے یہ ایجاد کایا پلٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ اس ایجاد کو "بولتی عینک" قرار دیا گیا ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت کا حمل ایک آلہ ہے جو جو کسی بھی عینک کے فریم میں نصب کیا جا سکتا ہے۔ یہ آلہ چہروں اور کرنسیوں کی پہچان کرنے کے علاوہ تحریری متن اور بار کوڈز سے معلومات پڑھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس نئی ٹکنالوجی کو اُن لوگوں کی مدد کے واسطے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جن کو پڑھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

اسمارٹ چھڑی

چند سال پہلے کورسیٹ سیلان نامی ایک نابینا شخص اپنی چھڑی اور اسمارٹ فون کے نقشوں کی ایپلی کیشن کے ذریعے ایک ہوٹل کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران سامان کھینچتے ہوئے وہ ایک پول سے ٹکرا گیا اور اس کی پیشانی زخمی ہو گئی۔ اس واقعے کے نتیجے میں سیلان نے اپنی حیران کر دینے والی ایجاد کا فیصلہ کیا جسے اس نے"WEWALK" کا نام دیا۔ یہ ایک اسمارٹ چھڑی ہے جو استعمال کرنے والے کے سینے سے اوپر سطح کی تمام رکاٹوں اور چیزوں کا پتہ چلاتی ہے۔ اس چھڑی کو "بلو ٹُوتھ" کے ذریعے مختلف ایپلی کیشنز اور گوگل نقشوں کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ نئی ایجاد دنیا بھر میں 25 کروڑ نابینا اور نظر کی کمزوری کا شکار افراد کی بآسانی نقل و حرکت میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔


 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

اسمارٹ ریزر

شیو بنوانے کے لیے سیلون کا رخ کرنے والے بہت سے مردوں کو اس بات کا علم نہیں کہ اب وہ گھر پر بھی شیو کے دوران گرمائش کے احساس کا لطف حاصل کر سکتے ہیں۔ جی ہاں Heated Razor ایک ایسا اسمارٹ ریزر ہے جس میں پانچ بلیڈز کے نیچے اسٹین لیس اسٹیل کی بار فراہم کی گئی ہے۔ یہ بار دوران شیو آپ کے چہرے کو گرمائش کا احساس دے گی۔ اس سلسلے میں سینسر کے ذریعے گرمائش کے چار درجوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

ایرو فارمز

دنیا بھر میں کروڑؑوں افراد غذائی امن کی عدم ضمانت کا شکار ہیں۔ ماہرین کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں میں اضافے کے ساتھ یہ تعداد کہیں زیادہ بڑھ سکتی ہے۔ اس حوالے سےAeroFarms کے منصوبے کے خالق افراد کا کہنا ہے کہ Indoor فارمز کی اس ٹکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ اس طرح کی زراعت اور کاشت میں روایتی طریقے کے مقابلے میں 95% کم پانی درکار ہوتا ہے۔ کمپنی کی ٹکنالوجی کے تحت بیجوں کو مٹی کے بدلے گیلے کپڑوں کے ٹکڑوں میں رکھا جاتا ہے۔ واضح رہے کہAeroFarms کی ٹکنالوجی کے ذریعے بند گوبھی اور تارا مورا کی وسیع پیمانے پر کاشت کی جا چکی ہے۔


 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

ہوا سے پینے کے پانی کی تیاری

ہوا کے بعد انسانی زندگی کی بقا کے لیے اہم ترین عنصر پانی ہے۔ اس سلسلے میں پانی کے ڈسپنسر کی شکل کی ایک ایجاد سامنے آئی ہے۔ اس ایجاد کا نام Watergen ہے اور یہ ہوا میں موجود رطوبت کو کھینچ کر اسے پینے کے صاف پانی میں تبدیل کر دیتی ہے۔ یہ مشین ایک دن میں 7 گیلن پانی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کو بجلی یا شمسی توانائی کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے۔ یہ مشین زیادہ فضائی آلودگی کے علاقوں میں بھی پینے کا صاف پانی تیار کر سکتی ہے۔

 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

اسمارٹ چیئر

جرمنی کے شہر برلن میں ایک ایسی "اسمارٹ" کُرسی ڈیزائن کی گئی ہے جو بیٹھنے والے کو انتہائی آرام اور راحت فراہم کرتی ہے۔ کرسی میں نصب auto-harmonic tilt اسے استعمال کرنے والے کے جسم کی نشست کے انداز اور طریقے کے مطابق مسلسل ایڈجسٹ کرتا رہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کرسی کے نیچے دیے گئے لیور کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔


 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

اسمارٹ تالا

عام روایتی تالوں کا انحصار نمبروں یا پھر چابیوں پر ہوتا ہے اور دونوں چیزیں بآسانی بھولی جا سکتی ہیں۔ تاہم اب نئی ٹکنالوجی نے ایسا اسمارٹ تالا متعارف کرایا ہے جس کو ریچارج کیا جا سکتا ہے۔ اس تالے کو انگلیوں کے نشانات یعنی فنگر پرنٹس یا پھر چابی کے ذریعے کھولا جا سکتا ہے۔ تالے کی میموری میں 10 افراد کے فنگر پرنٹس کی گنجائش ہے۔ اس طرح ایک ہی گھرانے کے متعدد لوگ اس تالے کو بیک وقت استعمال کر سکتے ہیں۔

 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

آلات کا کنٹرول ’آنکھوں‘ کے ذریعے

یہ ٹکنالوجی remote control سے مشابہت رکھتی ہے۔ اس کے ذریعے کمپیوٹر، ٹیلی وژن، ٹیبلیٹس اور دیگر آلات کو استعمال کیا جا سکتا ہے مگر "آنکھوں" کے ذریعے ... بالخصوص مختلف جسمانی معذوری کا شکار افراد کے لیے یہ ایک اہم ضرورت ہے۔

آنکھوں کا استعمال کرتے ہوئے صارف فری ویب سائٹ Xfinity’s میں داخل ہو سکتا ہے۔ یہاں پر اندراج کرنے کے بعد صارف صرف اپنی آنکھوں کے ذریعے اسکرین پر نظر آنے والے بٹنوں کا استعمال کر کے مختلف آلات کو کنٹرول کر سکتا ہے۔ اس ایجاد کے خالق کا کہنا ہے کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعے جسمانی معذوری کا شکار بعض افراد پہلی مرتبہ ٹی وی چینل تبدیل کرنے کے تجربے سے لطف اندوز ہوں گے۔


 سال 2019 کی 10 بہترین ایجادات

کھانے کی اشیاء ہمیشہ تازہ

کھانے پینے کی اشیاء کی ایک بڑی مقدار مناسب طور محفوظ نہ رکھنے کے سبب ضائع ہو جاتی ہے۔ غذا اور خوراک کے ضیاع کا تناسب کم کرنے کے لیےApeel Sciences کمپنی نے ایک ایسا طریقہ ایجاد کیا ہے جس کی مدد سے سبزیوں، پھلوں اور جڑی بوٹیوں کی تازگی کو زیادہ طویل عرصے تک برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ کمپنی نے پودوں سے حاصل شدہ ایک ایسا خوردنی روغن تیار کیا ہے جس کی مدد سے پھلوں اور سبزیوں کی عمر میں تین گنا اضافہ ممکن ہے۔ کمپنی کے مطابق اس مصنوعی چھلکے کے ذریعے ایواکاڈو اور لیموں کی تازگی کی مدت بڑھائی جا چکی ہے جب کہ اس وقت کیلے پر تجربات جاری ہیں۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔