چاند کی سطح پر ’شیو شکتی پوائنٹ‘ کے پاس نئے راز کی تلاش کر رہا پرگیان رووَر، اِسرو نے جاری کی نئی ویڈیو
نئی ویڈیو میں پرگیان رووَر چاند کے جنوبی قطب پر نئے راز کی تلاش میں اِدھر اُدھر گھومتا ٹہلتا دکھائی دے رہا ہے، اس مقام پر کچھ گڈھے بھی دکھائی دے رہے ہیں لیکن رووَر بہت دھیان سے اپنا کام کر رہا ہے۔
چندریان-3 کے چاند پر کامیاب سافٹ لینڈنگ کے بعد چاند کی سطح پر اس کا سفر بھی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اِسرو نے چندریان-3 مشن کی کامیابی کے بعد اب پرگیان رووَر کے تعلق سے ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں پرگیان رووَر چاند کے جنوبی قطب پر راز کی تلاش میں ’شیو شکتی پوائنٹ‘ کے آس پاس گھومتا اور ٹہلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چاند کی سطح پر کچھ گڈھے بھی ہیں لیکن رووَر بہت دھیان سے اپنا کام کر رہا ہے۔
اس ویڈیو کو ریلیز کرنے کے ساتھ اِسرو نے لکھا ہے کہ ’’یہاں نیا کیا ہے؟ اسی کی تلاش میں پرگیان رووَر ’شیو شکتی پوائنٹ‘ کے آس پاس گھوم رہا ہے۔‘‘ اس سے قبل 25 اگست کو اِسرو نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں وکرم لینڈر سے پرگیان رووَر کو اترتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ رووَر کے چاند کی سطح پر اترنے کی یہ ویڈیو 23 اگست کی تھی جسے اِسرو نے 25 اگست کو جاری کیا تھا۔ آج اِسرو نے جو ویڈیو جاری کی ہے اس کے بارے میں ویڈیو کے شروع میں ہی بتایا گیا ہے کہ یہ 25 اگست کی ہے۔ ویڈیو میں وکرم لینڈر کا کچھ حصہ بھی دکھائی دے رہا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پرگیان رووَر وکرم لینڈر کے آس پاس ہی گھوم رہا ہے اور وہاں کی جانکاریاں حاصل کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ چندریان-3 کا پورا مشن محض 615 کروڑ روپے کے بجٹ میں پورا ہوا ہے۔ 14 جولائی کو یہ مشن لانچ کیا گیا تھا اور 23 اگست کو لینڈر ماڈیول نے شام تقریباً 6 بجے چاند کی سطح پر قدم رکھا۔ ناسا سمیت دنیا کی کئی خلائی ایجنسیوں نے اس حصولیابی کے لیے اِسرو کو سلام کیا ہے۔ دنیا کے لیے حیران کن بات یہ ہے کہ انتہائی کم بجٹ میں ہی ہندوستان کا چندریان-3 چاند کے اس جنوبی قطب پر پہنچ گیا جہاں تک ابھی تک کسی ملک نے رسائی حاصل نہیں کی۔ چندریان-3 کی کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بھی بن گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔