خواتین کی حفاظت کے لئے ’اندرا شکتی‘ ایپ لانچ
ایمرجینسی کی صورت حال میں اپنے موبائل کے پاور بٹن کوتین بار دبانے کے بعد یہ ایپ ایک نمبر پر کال کر دیتا ہے اور دیگر خصوصی نمبرات پر بھی پیغامات بھیج دیتا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر خواتین کی حفاظت کے تحت اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’اندرا شکتی‘ ایپ لانچ کیا ہے جس کے استعمال سے بیک وقت درج کئے گئے چار نمبروں پر مسیج چلا جاتا ہے۔ یہ بات کانگریس کے سکریٹری اور بہار امور کے انچارج راجیش للوٹیا نے بتائی۔
للوٹیا نے بتایا کہ ملک میں خواتین کے تئیں جرائم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور آج خواتین کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اس لئے کانگریس نے اس ایپ کے ذریعہ خواتین کے تحفظ کا منصوبہ بنایا ہے جس سے خواتین اس طرح کے حالات سے خود نمٹ سکتی ہیں اور ضرورت کے وقت اندرا شکتی مرچی اسپرے کا استعمال کرکے خود کو بچا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کا افتتاح آنجہانی راجیو گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کانگریس کے جنرل سکریٹری شکتی سنگھ گوہل نے کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے گوگل پلے اسٹور پر جائیں اور وہاں سے’ اندرا شکتی‘ لکھ کر اسے ڈاؤن لوڈ کریں اور پھر اس ایپ میں اپنا رجسٹریشن کروا کرچار اہم لوگوں کے نمبر جو مدد کے وقت آپ کے کام آسکتے ہیں، لکھیں۔ ایمرجینسی کی صورت حال میں ضرورت پڑنے پر اپنے موبائل کے پاور بٹن کوتین چار بار دبائیں یا ایپ کھول کر اس میں ایس او ایس بٹن دبائیں۔ ایسا کرنے پر آپ کو پہلے درج کئے ہوئے نمبر پر اپنے آپ فون چلا جائے گا اور آپ کی لوکیشن کے ساتھ مدد کے لئے سارے نمبر پر مسیج پہنچ جائیں گے۔
سوشیو پولیٹکس مہم کے تحت اس ایپ کے ساتھ کانگریس پارٹی نے ’اندرا شکتی مہیلا سرکشا مرچی اسپرے‘ خواتین کے درمیان مفت تقسیم کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ ہنگامی صورت حال میں خواتین غیر سماجی عناصر سے نمٹ سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مرچی اسپرے عام پاؤڈر سے 20گنا زیادہ اثر کا حامل ہے۔
جب خواتین اپنے آپ کو بچانے کے لئے غیر سماجی عناصر پر ان کے چہرے کو نشانہ بناکر اس کا استعمال کریں گی تو ان کی آنکھوں میں زبردست جلن ہوگی، سانس لینے میں تکلیف ہوگی، بار بار کھانسی آئے گی جس کی وجہ سے وہ بدمعاش خود مصیبت میں مبتلا ہوجائے گا اور اس کا اثر 30 سے 40 منٹ تک رہے گا۔ایسی صورت حال کا فائدہ اٹھاکر متاثرہ خواتین بھاگ سکتی ہیں، کسی کو مدد کے لئے بلاسکتی ہیں یا جن کے پاس مسیج اور فون گیا ہوگا وہ اس لوکیشن پر آسکتا ہے۔ پولس کو خبر کی جاسکتی ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔
مسٹر راجیش للوٹیا نے بتایا کہ کانگریس نے اس کے ذریعہ سوشیو پولٹکس مہم شروع کی ہے جس کا مقصد خواتین کے تحفظ کے ساتھ یوتھ کو کانگریس سے بڑے پیمانے پر جوڑنا بھی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Aug 2018, 10:57 AM