ہریانہ میں ٹھنڈ سے ایک اور نوجوان کی موت، 15 جنوری تک اسکول بند
پولس کے مطابق سبزی کی ریہڑی لگانے والے 36 سالہ رنكو کی لاش صبح کے وقت ریہڑی پر ملی۔ اتر پردیش کا رہنے والا رنكو رات کو بڑوالی ڈھانی میں خالی پڑے ایک پلاٹ میں اپنی ریہڑی لگا کر اسی پر ہی سوگیا تھا
حصار: شمال مغرب میں جاری شدید سرد کے درمیان ہریانہ کے حصار میں ایک نوجوان کی موت کی خبر ہے جبکہ ہریانہ حکومت نے پیر اور منگل کو سبھی سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ یکم سے 15 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے اسکول اب 16 جنوری کو کھلیں گے۔
پولیس نے بتایا کہ پرانی سبزی منڈی علاقے میں سبزی کی ریہڑی لگانے والے 36 سالہ رنكو کی لاش صبح کے وقت ریہڑی پر ملی۔ بنیادی طور پر اتر پردیش کا رہنے والا رنكو رات کو بڑوالی ڈھانی میں خالی پڑے ایک پلاٹ میں اپنی ریہڑی لگاکر اسی پر ہی سوگیا تھا۔ لاش کا پوسٹ مارٹم سول اسپتال میں کیا گیا۔ ڈاکٹر کی مطابق سردی میں پڑے رہنے کی وجہ سے اس کی موت ہوئی ہے۔
اس دوران ہریانہ حکومت نے سردی کی وجہ ریاست کے سبھی سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں 30 اور 31 دسمبر کو چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بعد یکم جنوری سے 15 جنوری تک سردیوں کی چھٹی رہے گی، اس لئے اب سبھی اسکول 16 جنوری کو کھلیں گے۔
برفیلی سرد ہواؤں کی وجہ سے حصار اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج مسلسل دوسرے دن کم از کم درجہ حرارت صفرسے نیچے برقرار رہا اور یہ علاقے منفی 0.2 ڈگری سیلسیس کی سردی میں ٹھٹھرتا رہا۔
چودھری چرن سنگھ ہریانہ زرعی یونیورسٹی میں واقع زرعی موسمیات کے محکمہ سائنس کے صدر ڈاکٹر مدن كھچڑ نے بتایا کہ 30 دسمبر سے ہواؤں کی سمت میں تبدیلی آنے اور شمال مشرقی یا مشرقی ہو جانے کا امکان ہے، جس سے رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اور 31 دسمبر کی تاخیر شب سے مغربی ہواؤں کے سبب ریاست کے بعض مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔