کشمیر: 23 برسوں کی مشقت کے بعد 7 بے گناہوں کے بے رحمانہ قتل کا ملزم گرفتار

ملزم کی گرفتاری کے بعد سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل کا کہنا ہے کہ ’’ کشمیر میں انصاف کی امید جاگزیں ہوگی جب انسانی حقوق پامالیوں میں تمام ملوثین کو قرار واقعی سزا ملے گی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولس نے گذشتہ 23 برسوں سے روپوش ایک سرکاری بندوق بردار کو 7 بے گناہوں کی ہلاکت کے سلسلے میں گرفتار کرلیا ہے۔ ایک پولس ترجمان نے اس سلسلے میں بتایا کہ بانڈی پورہ پولس کی انتھک کاوشوں کے بدولت ایک ایسا مفرور ملزم جو گزشتہ 23 برسوں سے فرار تھا، کو سات افراد کے قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک کی ہدایات پر پولیس اسٹیشن سنبل کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او سنبل کی سربراہی میں مصدقہ اطلاع ملنے پر باروالہ کنگن سے ملزم ولی محمد میر ولد محمد مقصود میر ساکن صدر کوٹ بالا بانڈی پورہ کو گرفتار کیا۔ اس نے بتایا کہ ملزم ولی محمد میر صدر کوٹ بالا نامی گاؤں میں دو خواتین سمیت سات افراد کو اپنے ہی گھروں میں بے رحمانہ قتل اور دیگر پانچ کو زخمی کرنے میں ملوث ہے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے خلاف بانڈی پورہ کے ضلع اورسیشن جج کی طرف سے کئی بار سمن جاری ہوئے تھے لیکن ملزم آج تک اپنے آپ کو نامعلوم مقامات پر روپوش رکھنے میں کامیاب رہا۔


ولی میر کی گرفتاری کے فوراً بعد سابق آئی اے ایس افسر اور جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر شاہ فیصل نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’بانڈی پورہ پولس نے ایس ایس پی راہل ملک کی سربراہی میں بالآخر رشید بلا کی گینگ کے خونخوار سرکاری بندوق بردار ولی میر کو گرفتار کیا۔ کشمیر میں انصاف کی امید جاگزیں ہوگی جب انسانی حقوق پامالیوں میں تمام ملوثین کو قرار واقعی سزا ملے گی۔‘‘

اس درمیان بانڈی پورہ ضلع پولس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’مفرور ملزم کو بانڈی پورہ پولس نے 23 برسوں کے بعد گرفتار کیا۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ کی ہدایات پر تشکیل دی گئی سنبل پولس کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اس ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم 7 بے گناہوں کے قتل اور دیگر کیسوں میں مطلوب تھا۔‘‘


واضح رہے کہ وادیٔ کشمیر میں 90 کی دہائی میں ملی ٹنسی کے انسداد کے لئے حکومت کی سرپرستی میں ایک سول ملیشیا ’اخوان المسلمون‘ بنی۔ ولی میر میبنہ طور پر اخوان کمانڈر عبدالرشید پرے عرف رشید بلا کا قریبی ساتھی تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔