اتر پردیش: عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر ’صحت مند نہٹور‘ عنوان سے بیداری ریلی کا اہتمام
غزال مہدی نے کہا کہ ہندستان کی 31 ریاستوں میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق ذیابیطس کے شکار لوگوں کی سب سے زیادہ تعداد گوا (26.4 فیصد) میں ہے، جبکہ سب سے کم تعداد اتر پردیش (4.8 فیصد) میں ہے۔
نہٹور/بجنور: عالمی یوم ذیابیطس (14 نومبر) کے موقع پر ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ (ہیپٹ) نے ’صحت مند نہٹور‘ عنوان کے تحت آج ایک بیداری ریلی کا اہتمام کیا۔ اس کا افتتاح پولیس انسپکٹر سریندر سنگھ (سٹی انچارج نہٹور) نے کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہیپٹ کے سکریٹری غزال مہدی نے کہا کہ انڈین کاؤنسل آف میڈیکل ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق ہندستان میں 10 کروڑ 10 لاکھ افراد ذیابیطس (بلڈ شوگر) کے مرض میں مبتلا ہیں اور 13 کروڑ 60 لاکھ افراد قبل از ذیابیطس (پری ڈائبٹیز) کے مرحلہ میں ہیں۔ اس طرح ملک میں مجموعی طور 32 کروڑ 70 لاکھ افراد ذیابیطس کی زد میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں ذیابیطس کے مریضوں میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔
غزال مہدی نے کہا کہ ہندستان کی 31 ریاستوں میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق ذیابیطس کے شکار لوگوں کی سب سے زیادہ تعداد گوا (26.4 فیصد) میں ہے، جبکہ سب سے کم تعداد اتر پردیش (4.8 فیصد) میں ہے۔ حالانکہ 18 فیصد افراد اتر پردیش میں ’قبل از ذیابیطس‘مرحلہ میں شامل ہیں، جبکہ قومی سطح پر یہ اوسط 15.3 فیصد ہے۔ غزال مہدی کا کہنا ہے کہ پہلے یہ مرض شہری اور امیر لوگوں کا مرض کہلاتا تھا لیکن اب اس کے مجموعی مریضوں میں 66 فیصد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ایم آئی انٹر کالج کے پرنسپل بلال زیدی، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کی پرنسپل ببیتا رانی، ایس این ایس ایم انٹر کالج کے سابق پرنسپل چرن سنگھ شرما نے ذیابیطس سے متعلق آگاہی پھیلانے اور ٹیسٹ کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ مہدی ولا میں ہیپٹ کے ذریعہ قائم کردہ ’مفت شوگر اور بلڈ پریشر جانچ و کاؤنسلنگ سینٹر‘ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی جانچ کرائیں۔
اس موقع پر پولیس انسپکٹر سریندر سنگھ نے ذایبیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے خلاف ہیپٹ کی مہم میں پولیس کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ریلی میں صحت کے والنٹیر پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ذیابیطس کے بارے میں بیداری پیدا کرنے والے نعرے لکھے تھے۔ اس درمیان ہیپٹ کی جانب سے عوام میں ایک پمفلٹ تقسیم کیا گیا اور ریلی کے شرکاء کو نیلے رنگ کا بیج بھی لگایا گیا۔
ریلی کی ابتداء ایچ ایم آئی انٹر کالج سے ہوئی اور اس کا اختتام مہدی ولا میں واقع جانچ مرکز پر ہوا۔ ریلی اور جلسے کی نظامت جانچ سنٹر کے سینئر ہیلتھ کارکن اطاعت حسین نے کی۔ اس ریلی میں سینٹر کے ہیلتھ والنٹیر، ایچ ایم آئی انٹر کالج، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کی کچھ طالبات، اساتذہ اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار افراد نے شرکت کی۔ ریلی میں شامل نمایاں افراد میں انکر جین، کامریڈ غلام صابر، ڈاکٹر متانت حسین زیدی، دلشاد حسین، محمد سلمی، محسن زیدی، نوید اقبال، نوشاد عالم، افضال قریشی، محمد کاشف، ضیاء النبی، شعیب حنیف، محمد عرفی، فرزانہ زیدی، اقراء غفار قابل ذکر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔