فساد متاثرہ جامع  مسجد لکڑ شاہ سوہنا کی مرمت کا کام مکمل، نماز جمعہ کے موقع پر ہوا افتتاح

مسجد لکڑ شاہ سوہنا کی مرمت کا کام تیزی کے ساتھ کرانے کے لیے مسجد کے امام مولانا طاہر حسینی نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا شکر یہ ادا کیا۔

<div class="paragraphs"><p>جامع مسجد لکڑ شاہ سوہنا میں نمازِ جمعہ سے پہلے خطبہ کا منظر</p></div>

جامع مسجد لکڑ شاہ سوہنا میں نمازِ جمعہ سے پہلے خطبہ کا منظر

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: میوات فساد میں فرقہ پرستوں کے ذریعہ جامع مسجد لکڑ شاہ عر ف درزی والی نہرو بازار سوہنا پر شرپسندوں نے حملہ کیا تھا، اس کے دروازے، صندوق، پنکھے، موٹر، لائٹنگ، دیوار کی پلاسٹر وغیرہ کو شدید نقصان پہنچایا تھا، نیز مسجد کی بے حرمتی اور آتش زنی بھی کی گئی تھی۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس مسجد کی مرمت جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام مکمل ہو گئی ہے۔ آج باضابطہ جمعہ کی نماز کے موقع پر دعاء کے ذریعہ اس مسجد کا افتتاح عمل میں آیا۔

اس موقع پر اپنے  خطبہ میں مسجد کے امام مولانا طاہر حسینی نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی اور جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جمعیۃ علماء کی حوصلہ افزائی اور تعاون سے ہمارے اعتماد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے، ورنہ اس مسجد اور اس کے ارد گرد کئی دنوں تک ویرانی اور مایوسی رہی۔ سب سے پہلے جمعیۃ کی ٹیم یہاں پہنچی اور اس نے فوری تعمیر نو کا کام شروع کرایا۔


واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند میوات میں فساد متاثرہ 10 مسجدوں کی تعمیر و مرمت کی ذمہ داری نبھا رہی ہے، نیز اس نے باز آبادکاری اور بے قصور گرفتار شدگان کی قانونی مدد بھی شروع کر دی ہے۔ نیز جمعیۃ لگاتار اس خطے میں مختلف کمیٹیوں کے ذریعہ شروع دن سے کام کر رہی ہے اور ضرورت مندوں تک راشن بھی پہنچا رہی ہے۔

آج اس مسجد کے افتتاح کے موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند، سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی، آرگنائزر مولانا معظم عارفی، امن فیلوشپ سے مولانا اظہر، مولانا یامین اور مولانا سعد موجود تھے۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اللہ رب العزت کی مرضی سے یہ مسجد آباد ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کی عظیم مہربانی ہے کہ اس نے ہمیں ایمان عطا فرمایا۔ اگر وہ اس سے ہمیں محروم کر دے تو ہم کسی لائق نہیں رہیں گے۔ اس لیے ہمیں بہر صورت اس کا شکر ادا کرنا چاہیے اور سبھوں کے ساتھ خیر خواہی کا معاملہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے زیادتی کی ہے وہ بھی ہمارے وطنی بھائی ہیں۔ ان کی ہدایت کے لیے بھی دعاء کریں اور کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر دشمنی کو ہر گز فروغ نہیں دینا ہے۔ یہ وطن ہمیشہ سے باہمی رواداری کی مثال رہا ہے۔ جو لوگ ایسی حرکتیں کر رہے ہیں، وہ درحقیقت اس وطن کے مثالی کردار کو بدلنے کی سازش کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔