شیلا دکشت کا یوم پیدائش ’یوم عزم‘ کے طور پر منایا گیا
فیڈریشن کے چیئرمین محمد طارق صدیقی نے سابق وزیر اعلی کو یوم پیدائش کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دہلی کی عوام اور فیڈریشن دونوں ہی کے لئے ایک متبرک دن ہے۔
نئی دہلی: دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ و دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر شیلا دکشت کے 81 ویں یوم پیدائش پر دہلی مائنارٹی ویلفیئر فیڈریشن نے ان کے یوم ولادت کو ’یوم عزم‘ کے طور پرمنایا۔ سابق وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر دہلی مائنارٹی ویلفیئر فیڈریشن کے چیئرمین محمد طارق صدیقی کی جانب سے شال اور کیک پیش کیا گیا۔ اس موقع پر طارق صدیقی اور دیگر افراد کی موجودگی میں کیک کاٹنے کے بعد انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ فیڈریشن کے چیئرمین ودیگر عہدیداران کی جانب سے انہیں گلہائے عقیدت بھی پیش کیے گئے۔
فیڈریشن کے چیئرمین محمد طارق صدیقی نے سابق وزیر اعلی کو یوم پیدائش کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دہلی کی عوام اور فیڈریشن دونوں ہی کے لئے ایک متبرک دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام شیلا دیکشت کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ آج دہلی پوری دنیا میں رشک کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے تو صرف اور صرف شیلا دیکشت کی رہنمائی میں 15سالہ دور حکومت میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر۔ آج دہلی اگر عالمی معیار کا شہر مانا جاتا ہے تو یہ شیلا دیکشت ہی کی مرہون منت ہے۔ دہلی کے عوام کانگریس کی15سالہ سرکار کو آج یاد کررہے ہیں کیوں کہ شیلا سرکار کے جانے کے بعد جس طرح سے دہلی کی ترقی رک گئی ہے، ہر سطح پر دہلی کے عوام کانگریس کو یاد کر رہے ہیں اور ہر شعبہ میں کانگریس کی کمی محسوس کررہے ہیں۔
اس موقع پر فیڈریشن کے چیئرمین طارق صدیقی کے ہمراہ سیکڑوں افراد پر مشتمل ایک وفد نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ جن میں سینئر کانگریسی لیڈر محمود پراچہ ایڈوکیٹ، ہرنام سنگھ، عثمان انصاری، محمد طیب، شہزاد ملک، راشد خان، سلیم انصاری ،اروند کمار وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس کے علاوہ شیلا دیکشت کو مبارکباد دینے والوں میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و دہلی کے انچارج جناب پی سی چاکو، کارگزار صدور ہارون یوسف،راجیش للوٹھیا، دیوندر یادو، اجے ماکن اور سابق وزیر رما کانت گو سوامی، کرن والیہ، اروندر سنگھ لولی، منگت رام سنگھل، راج کمار چوہان، وپن شرما، ویرسنگھ دھینگان، و بڑی تعداد میں سابق ممبران اسمبلی اور سابق وزراء نے مبارکباد پیش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 Mar 2019, 9:10 PM