مکتب کی تعلیم ہر مسلمان مرد وعورت پر فرض ہے: مولانا خالد گیاوی
مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے ناظم مولانا خالد گیاوی نے پاور پوائنٹ کے ذریعہ اکابر کے نصاب پر مشتمل منظم مکاتب کا نظام پیش کیا۔
نئی دہلی: دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے زیر اہتمام مسجد صفہ دارالعلوم انتظامیہ بھلسوا ڈیری دہلی میں ایک روزہ مذکراتی اجلاس ہفتہ کو منعقد ہوا، جس میں مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے ناظم مولانا خالد گیاوی نے پاور پوائنٹ کے ذریعہ اکابر کے نصاب پر مشتمل منظم مکاتب کا نظام پیش کیا۔ اس موقع پر علاقے کے تمام مساجد و مدارس کے ذمہ داران موجود تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مکتب کی تعلیم ہر مسلمان مرد وعورت پر فرض ہے، جیسا کہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے صدر مولانا داؤد امینی، جنرل سکریٹری مولانا قاری عبدالسمیع، مولانا امان اللہ قاسمی مہتمم مدرسہ دارالعلوم انتظامیہ سمیت علماء نے اس موقع پر خطاب کیا۔
قاری عبدالسمیع نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے اکابر نے مکتب کا جو نظام دیا ہے، وہ دور حاضر میں سب سے زیادہ بامعنی اور با مقصد ہے، ہمیں اپنی نسل نو کی حفاظت کرنی ہے تو اسے اپنانا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم پر اپنی نسل کے ایمان کو بچانے کی ذمہ داری ہے، آخرت کے لحاظ سے مذہب چھوٹنے کا جو بھی وبال ہو، وہ اپنی جگہ ہے، دنیا کے لحاظ سے مذہب چھوٹنے کا وبال یہ ہے کہ جب خدا کا خوف دل میں نہیں رہتا، تو انسان جو کچھ بھی کر گزرے کم ہے۔ قانون انسان کی بری باتیں نہیں چھڑا سکتا۔ بہت سے انسان کو اس پر مجبور کر دیتا ہے کہ وہ بری باتیں کھلّم کھلا نہ کرسکے۔ صرف خدا کا خوف ہی ایسی چیز ہے، جو انسان کے دل کو پاک اور اس کے اخلاق کو بلند کر دیتا ہے۔
قاری عبدالسمیع نے مزید کہا کہ صرف اپنے مذہب کی خاطر نہیں، بلکہ ملک کی خیرخواہی کا بھی یہی تقاضا ہے کہ اگر سرکار مذہبی تعلیم کی ذمّہ داری نہیں لے سکتی، تو یہ ذمّہ داری ہم خود اپنے اوپر لیں اور اپنے طور پر بچوں کی مذہبی تعلیم اور دینی تربیت کا انتظام کریں، تاکہ ہمارے بچے جب جوان ہوکر قوم اور ملک کا مستقبل اپنے ہاتھ میں لیں، تو جس طرح وہ قوم اور وطن کے خیرخواہ ہوں، ایسے ہی وہ مذہب کے پابند، معبود ِ حقیقی کے سچے پرستار، خلق خدا کے ہمدرد، مہذب اور با اخلاق شہری ہوں۔ جن سے ملک کی شان بلند ہو اور وطن عزیز امن و امان، محبت و انسیت کا قابل فخر گہوارہ بن سکے۔
اس موقع پر جو اہم ذمہ داران شریک ہوئے ان کے نام حسب ذیل ہیں، مولانا ضیاء اللہ قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مولانا قاسم نوری صدر جمعیۃعلماء نئی دہلی، خادم الحجاج جناب اسعد میاں ناظم جمعیۃ علماء نئی دہلی، مولانا محمد خلیل احمد، مفتی محمد نثار حمیدیہ اکیڈمی سنگم وہار، مولانا عاشق الہی، مولانا شاہد اقبال، مولانا مفتی وضاحت اللہ، حافظ شفیع، مولانا غلام رسول قاسمی نکٹاوی، مولانا کلام اللہ قاسمی آرگنائزر دینی تعلیمی بورڈ صوبہ دہلی، مولانا قاری ارشاد استاذ مدرسہ باب العلوم، حافظ ضیاء اللہ گلزاری حکیم، مولانا حافظ ساجد، قاری پرویز، قاری صدر عالم، مولانا عظیم اللہ قاسمی وغیرہ۔ اجلاس صدر مجلس جناب مولانا داؤد امینی کی دعا پر اختتام پذیرہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔