دہلی فساد میں متاثر ’اولیاء مسجد‘ کا روح پرور ماحول میں از سر نو افتتاح
بعد نماز جمعہ صدر جمعیۃ علماء ہند قاری سید محمد عثمان نے چمن پارک، اولیاء مسجد تا شمسان گھاٹ کے درمیان فساد میں متاثرہ 53 مکانوں اور 13 دکانوں کا افتتاح کیا جن کی تعمیر جمعیۃ علماء ہند نے کرائی ہے۔
نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی میں فساد کی زد آنے والی مسجد ’اولیاء مسجد‘ شیووہار کا صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید محمدعثمان منصورپوری کے ہاتھوں آج افتتاح عمل میں آیا۔ یہ مسجد اپنے گردو نواح متعدد مکانات اور دکانوں کی تباہی ا ور بے قصور جانوں کے ضیاع کی بھی گواہ ہے، ساتھ ہی فسادیو ں نے اس مسجد کو سیلنڈر دھماکے سے تباہ کرنے کی کوشش کی تھی۔لب سڑک واقع یہ مسلک اعلی حضرت کی ممتاز مسجد ہے، جس کی تعمیر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیاد ت میں مکمل ہوئی ہے۔
اس مسجد میں نماز جمعہ سے قبل صدر جمعیۃ علماء ہند نے خصوصی خطاب فرمایا اور ایک مومن کے لیے مسجد کی اہمیت پراحادیث کے حوالے سے وقیع باتیں پیش کیں: انھوں نے کہا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ یوم محشر میں جب کہ تمازت سے بچنے کے لیے سایہ نہ ہو گا اس دن جن چند لوگوں کو اللہ تعالیٰ کا خاص سایہ حاصل ہو گا ان میں ایسا شخص بھی ہو گا جس کا دل مسجد سے معلق رہتا ہو۔ انھوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ جمعیۃ کے کارکنان نے اللہ کے اس گھر کو آباد کیا ہے۔صدر جمعیۃ نے ان سبھی لوگوں کے لیے خصوصی دعاء فرمائی کہ اللہ ر ب العزت اس میں ہر طرح سے حصہ لینے والوں کو اجر جزیل عطا فرمائے اور ان کے گھر کو ہمیشہ آباد رکھے۔ اس موقع پر مسجد کے امام وخطیب مولانا عرفان پیلی بھیت نے جمعیۃ علماء ہند کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور جمعیۃ کے پیغام ’اتحاد امت‘ کو جاری رکھنے پر زورد یا۔
بعد نماز جمعہ صدر جمعیۃ علماء ہند نے چمن پارک، اولیا ء مسجد تا شمسان گھاٹ کے درمیان فساد میں متاثرہ 53 مکانوں اور 13دکانوں کا بھی افتتاح کیا جن کی تعمیر جمعیۃ علماء ہند نے کرائی ہے۔واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند نے اس خطے میں ڈیر ھ سو سے اوپر مکانات اور سو سے زائد دکانوں کی تعمیر اپنے ذمہ لے رکھی ہے، جن کی تعمیر کے بعد ان کے مالکوں کے حوالے کی جارہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔