عوام کے حقوق کے لیے بدعنوان میونسپل کارپوریشن کے خلاف احتجاج جاری رہے گا: ورشا گائیکواڈ
ممبئی شہر و مضافات میں بنیادی سہولیات کے فقدان، خستہ حال سڑکوں اور پانی کے مسائل کو لیکر آج ممبئی کانگریس نے سبھی 24 وارڈوں میں ایک ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ممبئی: ایک ریاست کے برابر تقریبا 52 ہزار کروڑ کا بجٹ اور ایشیا کی سب سے بڑی میونسپل کارپوریشن ہونے کے باوجود ممبئی میونسپل کارپوریشن ممبئی کے شہریوں کو وہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والے ممبئی واسی آج اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ یہ انتہائی شرم کی بات ہے اور اس کے لیے ممبئی میونسپل کارپوریشن اور ریاست کی شندے فرنویس حکومت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مذکورہ تمام باتیں ممبئی کانگریس کی صدر پروفیسر ورشا گائیکواڈ نے کہی ہیں۔
ممبئی شہر و مضافات میں بنیادی سہولیات کے فقدان، خستہ حال سڑکوں اور پانی کے مسائل کو لیکر آج ممبئی کانگریس نے سبھی 24 وارڈوں میں ایک ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ورشا گائیکواڈ نے کہا کہ آج ممبئی والوں کو پینے کے لیے صاف پانی نہیں ملتا, ممبئی کی سڑکوں پر گڑھوں کا راج ہے کبھی کبھی یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ سڑکوں پر گڑھے ہیں یا گڑھوں کے درمیان سڑک ہے۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ ممبئی میں ایسی کوئی سڑک نہیں جس میں گڑھے نہ ہوں۔ وہیں نالوں کی صفائی نہیں کی گئی۔ جس کی وجہ سے اس سال بھی ممبئی بارشوں میں ڈوب گئی تھی نیزکئی سالوں میں پہلی بار چرچ گیٹ اسٹیشن کے باہر کا علاقہ اور میرین لائنز کا علاقہ بھی زیر آب آگیا۔ اندھیرا سب وے بارش میں مکمل طور پر ڈوب گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ اگر اس سال بارشوں کی وجہ سے کہیں بھی پانی جمع ہوا تو ہم ذمہ دار میونسپل افسران کو معطل کر دیں گے۔ وزیر اعلیٰ سے میرا سوال ہے کہ انہوں نے اب تک کتنے میونسپل افسران کو معطل کیا ہے اور ہر سال ممبئی میونسپل کارپوریشن کا یہی دعویٰ رہتا ہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے گڑھوں اور نالوں کی صفائی کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کیے ہیں، لیکن ابھی تک نالوں کی صفائی نہیں ہوئی ہے، گڑھوں کی مرمت نہیں ہوئی آخر اتنی بڑی رقم اور فنڈ کہاں جاتا ہے؟
ورشا گائیکواڈ نے مزید کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کا کام ممبئی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے جس کے وہ حقدار ہیں۔ لیکن اس کے بجائے ریاست میں شندے فڑنویس حکومت صرف ممبئی میونسپل کارپوریشن کے فنڈز کو لوٹ رہی ہے اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اس غیر فعال اور غیر منصوبہ بند انتظام کی وجہ سے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ممبئی کے باشندے پریشانیوں کا شکار ہیں۔ آلودگی کے معاملے میں لاہور کے بعد ممبئی دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ لوگ ممبئی کو اتنی بری حالت میں لے آئے ہیں۔ ممبئی میں گندے پانی اور نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگو، ملیریا اور ہیضہ جیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں جس سے عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کا محکمہ صحت ان بیماریوں سے لڑنے کے قابل نہیں ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اس غیر منصوبہ بند انتظام کی وجہ سے ممبئی کا نام نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں بدنام ہوا ہے اور اسی لیے ہم نے اس میونسپل کارپوریشن کی بے عملی کے خلاف ممبئی کے 24 وارڈوں میں احتجاجی مورچہ نکالا ہے اور آنے والا وقت میں بھی غیر منصوبہ بند انتظام کے خلاف ممبئی والوں کی آواز بن کر، ہم ممبئی والوں کے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے اور ان کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔