’پارلیمانی انتخاب میں پون کھیڑا کو دہلی سے کانگریس کا امیدوار بنایا جائے‘، طارق صدیقی کا پارٹی اعلیٰ کمان سے مطالبہ
طارق صدیقی نے کہا کہ آج کے دور میں بھی جس انداز میں پون کھیڑا کانگریس کی مضبوط نمائندگی کر رہے ہیں یہ انہیں کا خاصہ ہے، ہمیں یقین ہے کہ اس کا صلہ مستقبل میں انھیں ضرور ملے گا۔
نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا کا 54واں یوم پیدائش ان کے دفتر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ان کی رہائش گاہ پر صبح سے ہی مبارک دینے والوں کا تانتا لگا رہا اور دہلی کے سابق ارکان اسمبلی سندیپ دیکشت، چودھری انل کمار، رما کانت گوشوامی، امریش گوتم، طارق صدیقی، مکیش تیواری، چودھری یوگیش، امت رائے، کرن والیہ، کونسلرس، ضلع صدور و عہدیداران اور پارٹی کارکنان نے مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مذکورہ بالا شخصیات کے علاوہ پرویز خان، عبدالرزاق، نسیم اختر انصاری، حاجی ناظر انصاری اور سلیم انصاری وغیرہ نے گلپوشی کی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور دہلی سرکار کے سابق چیئرمین طارق صدیقی نے کیک کٹوایا، شال اور گلپوشی کر کے ان کا استقبال کیا اور کہا کہ آج اتنی تعداد میں لوگوں کا آنا یہ اس بات کا غماز ہے کہ شیلا دیکشت کے دور اقتدار میں عوام و خواص کی انہوں نے کیسی مدد کی ہے۔ کانگریس کی خدمات کی وجہ سے ہی ان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے کیوں کہ وہ بے باک اور نڈر لیڈر ہیں جو کھل کر عوام کی آواز کونہ صر ف اٹھاتے ہیں بلکہ حل کرانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ ان کی شخصیت کا لوہا عوام و خواص یکساں طور پر مان رہے ہیں۔
اس موقع پر طارق صدیقی نے کانگریس اعلیٰ کمان سے مطالبہ کیا کہ پون کھیڑا کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2024 میں ہونے والے عام انتخاب میں دہلی سے پارلیمانی امیدوار بنایا جائے تاکہ وہ مزید عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بھی جس انداز میں وہ کانگریس کی مضبوط نمائندگی کر رہے ہیں یہ انہیں کا خاصہ ہے، ہمیں یقین ہے کہ اس کا صلہ مستقبل میں انھیں ضرور ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔