’راہل گاندھی نیا ہندوستان تعمیر کریں گے‘

چودھری آفتاب احمد نے کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر کہا کہ کانگریس ہی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے آزادی سے لے کر آج تک ہر طبقہ کے لوگوں کے مفادات کے لئے جد و جہد کی۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

پریس ریلیز

ہریانہ پردیش کانگریس کے نائب صدراور سابق ریاستی وزیر چودھری آفتاب احمد کا کہنا ہے کہ سونیا گاندھی نے انڈین نیشنل کانگریس کی صدر کے بطور کانگریس کو موثر اور کامیاب قیادت فراہم کی اور ملک کے عوام کے حقوق کا پاسداری کی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کے دل میں محبت اور قربانی کا جو جذبہ ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ دلچسپی نہ رکھنے کے باوجود انہوں نے کانگریس کے رہنماؤں، کارکنان، عوام اور ملک کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیاست میں قدم رکھا اور 1998 میں کانگریس کی صدر بنیں۔

سونیا گاندھی جس وقت کانگریس کی صدر بنی تھیں اس وقت محض تین ریاستوں میں کانگریس کی حکومت تھی اور مرکزمیں بھی حالات سازگار نہیں تھے۔ لیکن ان کی قیادت میں مرکز میں مسلسل دو بار یو پی اے کی حکومت بنی اور درجن بھر سے زیادہ ریاستوں میں پھر سےکانگریس نے پرچم لہرایا۔

آفتاب احمد کے مطابق کانگریس پارٹی ہر ذات، مذہب سے وابستہ افراد کے مفادات کے لئے لڑتی آئی ہے اور اس سمت میں سونیا گاندھی نے بے مثال کام کیا اور اب راہل گاندھی اس تمام اقدار کو مزید توقیت دیں گے۔

راہل گاندھی کے صدر منتخب ہونے کے بعد سے ایک طرف ملک کے نوجوانوں اور کانگریس رہنماؤں میں نیا جوش پیدا ہوا ہے تو دوسری طرف مخالف سیاسی جماعتوں میں بے چینی صاف محسوس کی جا رہی ہے ۔ یہ کانگریس ہی نہیں بلکہ ملک کے لئے بھی ایک مثبت قدم ہے۔ صدر عہدے کے انتخابی عمل سے کانگریس پارٹی نے یہ بھی ظاہر کر دیا کہ اسے جمہوری نظام میں کتنا یقین ہے۔

گزشتہ تین سالوں سے ملک میں سیاسی سطح پر گراوٹ آئی ہے اور حکومت سے سوال پوچھنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ سماج کو بیجا معاملات میں الجھایا جا رہا ہے لیکن راہل گاندھی حالات بہتر بنانے کے لئے ہر روز ایک نئی جنگ لڑ رہے ہیں۔

بی جے پی جہاں سوشل میڈیا پر زہر فشانی کر رہی ہے تو کانگریس امن کے لئے کام کر رہی ہے۔ بی جے پی نے سوشل میڈیا پر ایک ٹیم صرف راہل گاندھی کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کے لئے رکھ چھڑی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ راہل گاندھی سے کتنی خوفزدہ ہے۔

راہل گاندھی کے کمان سنبھالنے کے بعد نوجوان طبقہ میں امید کی کرن جاگی ہے ۔ لوگوں کو امید ہے کہ ایک بار پھر سے کانگریس اقتدار میں آئے گی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ پچھلے تین سالوں سے بی جے پی حکومت نے آئینی اقدار پر حملہ کیا ہے اور ایک فرقہ وارانہ اور زہر آلود ماحول بنا دیا ہے جس کے نتائج ملک کے لئے سنگین ثابت ہوں گے۔

افتاب احمد نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسے سخت حالات میں راہل گاندھی کانگریس ہی نہیں بلکہ ملک کے لئے ایک نیا آفتاب بن کر جلوہ افروز ہوں گے اور ملک کی افرا تفری اور فرقہ پرستی کو ختم کر کے نیا ہندوستان تعمیر کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Dec 2017, 3:50 PM