مولانا سید شاہ ہلال احمد قادری ایک عالم باعمل انسان تھے: پروفیسر حسین الحق
دائرہ حضرت وصی کے سجادہ نشین پروفیسر حسین الحق نے تعزیتی کلمات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شاہ ہلال احمد قادری منفرد مقرر، دور حاضر میں خانقاہ مجییبہ پھلواری شریف کے ترجمان اور نمایندہ خاص تھے۔
نئی دہلی: خانقاہ مجیبیہ، پھلواری شریف کی نمائندہ شخصیت حضرت مولانا سید شاہ ہلال احمد قادری مجیبی پھلواروی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ خصوصاً خانقاہوں میں ان کے انتقال کو ایک ناقابل فراموش نقصان سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں دائرہ حضرت وصی کے سجادہ نشین پروفیسر حسین الحق نے تعزیتی کلمات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شاہ ہلال احمد قادری ایک عالم با عمل، منفرد مقرر، مایہ ناز مصنف، دور حاضر میں خانقاہ مجییبہ پھلواری شریف کے ترجمان اور نمایندہ خاص تھے۔
پروفیسر حسین الحق نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہا کہ مولانا شاہ ہلال احمد قادری صاحب سجادہ ،حضرت مولانا سید شاہ آیت اللہ قادری مد ظلہ کے خُسر تھے، پھلواری شریف خانقاہ ہی نہیں، بہار کی تمام خانقاہوں کی علمی شخصیات میں ممتاز مقام کے حامل تھے، پچاسوں مقالات کے مقالہ نگار، نصف درجن سے زیادہ کتابوں کے مصنف، جن میں احوالِ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا یزید، تاریخ کے آئینے میں نغمات الائنس فی مجالس القدس وغیرہ کتابیں بہت مشہور ہوئیں۔
پروفیسر حسین الحق کہتے ہیں کہ مولانا شاہ ہلال احمد قادری کی ان سے اور فقیر کی خانقاہ... دائرہ حضرت وصی، سہسرام سے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات تھے، حضرت مولانا مرحوم، دائرہ کے عرس میں بھی شریک ہوئے، فقیر اور دائرہ حضرت وصی، سہسرام کے تمام اہل خانوادہ، متعلقین اور وابستگان اس حادثہ عظیم پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور صاحب سجادہ خانقاہ مجییبہ کے حضور اپنا جذبہ تعزیت اور پرسہ بہت دکھی دل کے ساتھ پیش کرتے ہیں، اللہ تمام آل اولاد اور خصوصاً ان کی والدہ محترمہ کو صبر کی طاقت عطا فرمائے اور مولانا مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، حضور اکرم صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دست منبع رحمت سے آب کوثر عطا فرمائے اور ماہ محرم کے صدقے میں، اولاد سیدہ زینب کو قرب سیدہ زینب رضی اللہ عنہا میسر ہو۔
اک شمع جل رہی تھی سو وہ بھی خموش ہے
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔